مسافر وین

سیہون: مسافر وین کو حادثہ، بچوں اور خواتین سمیت 20 افراد جاں بحق

خیر پور سے سیہون آنے والی زائرین کی مسافر وین کو انڈس ہائی وے روڈ پر حادثہ پیش آیا جس کے باعث بچوں اور خواتین سمیت 20 افراد زندگی کی بازی ہار گئے
ویب ڈیسک: پولیس کے مطابق انڈس ہائی وے پر سیلابی پانی کے اخراج کے لیے کٹ لگائے گئے تھے، سیلابی صورتحال کے 2 ماہ بعد بھی کٹ اور کھڈے کو پُر نہیں کیا گیا جس کے باعث حادثہ پیش آیا، لاشوں اور زخمیوں کو عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حادثے میں 20 افراد جاں بحق اور 13زخمی ہوئے ہیں، ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں 8 خواتین، 6 بچے اور 6 بچیاں شامل ہیں، جاں بحق بچوں کی عمریں 10سے 15سال کے درمیان ہیں، جبکہ زخمیوں میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔
ڈی سی جامشورو کا کہنا ہے کہ مسافر وین میں 33 افراد سوار تھے، حادثےمیں 20 افراد جاں بحق ہوئے، 13کو زندہ نکال لیا گیا جنہیں ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے، زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈی سی جامشورو نے کہا کہ میتیں آبائی علاقے منتقل کرنے کیلئے تمام سہولیات فراہم کرینگے، متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

مزید پڑھیں:  ماہ رمضان میں 1697 دسترخوان بچھائے، لاکھوں افراد مستفید ہوئے، مشال اعظم یوسفزئی