ترقیاتی پروگرام خیبر پختونخوا حکومت

ترقیاتی پروگرام منجمد،ٹھیکیداروں کے 14ارب پھنس گئے

ویب ڈیسک : خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے اچانک ترقیاتی پروگرام منجمد کرنے کے باعث ٹھیکہ داروں کے اربوں روپے پھنس گئے ترقیاتی منصوبوں کے کام رک جانے کے بعد اب تک ہونے والے کاموں کی ادائیگی رک گئی ہے اور ایک اندازے کے مطابق 14ارب روپے سے زائد کے بل کی کلیئرنس اکائونٹ میں رقم نہ ہونے کے باعث ممکن نہیں ہے۔ ٹھیکیداروں نے پرانے بل کلیئر نہ ہونے کے باعث مزید کام بھی روک دیا ہے۔ محکمہ خزانہ ذرائع کے مطابق ایک اندازے کے مطابق محکمہ بلدیات ، مواصلات و تعمیرات، صحت، آبپاشی ، زراعت اور ابتدائی و ثانوی تعلیم سمیت متعدد محکموں کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے ٹھیکہ داروں کے بلوں کی کلیئرنس رک گئی ہے
جس کی بڑی وجہ ترقیاتی فنڈز کا منجمد ہونا ہے ٹھیکیداروں کی جانب سے متعلقہ محکمہ سے کلیئرنس حاصل کرلی گئی ہے تاہم اکائوٹنٹ جنرل صوبائی حکومت کے اکائونٹ میں رقم نہ ہونے کے باعث رقم جاری نہیں کر سکتا۔ ٹھیکیداروں کی رقم پھنس جانے کے باعث ٹھیکیداروں نے بھی ترقیاتی منصوبوں پر کام روک دیا ہے اور صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبے رک گئے ہیں جس کے باعث نہ صرف منصوبوں کی تکمیل میں کھٹائی سامنے آرہی ہے بلکہ ٹھیکہ داروں کے مالی مسائل بھی بڑھ گئے ہیں واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے چند روز قبل ترقیاتی پروگرام منجمد کر دیا تھا اور اکائونٹس میں موجود تمام رقم اٹھا لی گئی تھی۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ، کنڈ پارک میں ڈوبنے والی بچی کی نعش کالا باغ میں مل گئی