غیرت کے نام قتل

خیبر،غیرت کے نام پردوہرے قتل کے ملزم کوسزائے موت سنادی گئیقق

ویب ڈیسک :ضلع خیبر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہدایت اللہ خان نے بیوی کو غیر مرد سمیت قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کو جرم ثابت ہونے پر 2 بار سزائے موت اور مجموعی طور پر10لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی ہے ۔ واضح رہے کہ قبائلی ضم ضلع میں پہلی مرتبہ غیرت کے نام پر د ہرے قتل کیس میں کسی ملزم کو دوبار موت کی سزا دی گئی ہے ۔
ملزم زیور شاہ سکنہ تیراہ ملک دین خیل خیبر پر الزام تھا کہ اس نے 14نومبر 2020کو اپنی بیوی مسماة ( و) اور اس کے مبینہ دوست محمد اللہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا ہے ۔ مقامی لوگوں نے پولیس کو بتایا کہ ملزم نے اپنی بیوی گھر کے اندر جبکہ محمد اللہ کو گھر کے باہر قتل کیا ہے ۔ تیراہ پولیس کے اے ایس آئی نے اپنی مدعیت میں ملزم کیخلاف دو دفعات 302,311کے تحت مقدمہ درج کیا اور تفتیش شروع کی۔ مقتول اور مقتولہ کی عمریں بالترتیب20اور30سال تھیں جبکہ ملزم اور مقتول آپس میں کزن بھی تھے۔ دوران ٹرائل سینئر پبلک پراسیکیوٹر شفیع اللہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی بیٹی کیس میں واحد چشم دید گواہ ہے جس نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا ہے کہ اس کی ماں کو اس کے والد نے قتل کیا ہے ۔
دوسری جانب ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مقتولہ اور مقتول کے ورثاء کی جانب سے اس کیس میں ایف آئی آر درج نہیں کروائی گئی تو پولیس کس طرح زیور شاہ کو ملزم قرار دے سکتی ہے ۔ عدالت نے دوطرفہ دلائل مکمل ہونے پر اپنے فیصلہ میں قرار دیا کہ پولیس اور استغاثہ نے کامیابی سے ملزم کے خلاف دہر ے قتل کا کیس ثابت کیا ہے لہذا عدالت نے ملزم کو دوبار سزائے موت دینے اور5,5لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا جو وہ مقتولین کے ورثاء کو بطور دیت ادا کرے گا۔

مزید پڑھیں:  بشریٰ بی بی کو کچھ ہوا تو ذمہ دار مریم نواز اور شہباز شریف ہونگے، بیرسٹر سیف