ٹوئٹر بند

ٹوئٹرہمیشہ کیلئے بندہونے کی افواہیں،دنیابھرکے صارفین میں ہلچل مچ گئی

ویب ڈیسک :دنیاکے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کے ہمیشہ کیلئے بندہونے کی افواہوں نے صارفین کوتشویش میں مبتلاکردیا، ٹوئٹرکوبندکرنے کی خبراس وقت دنیابھرمیں تیزی سے پھیلی جب ٹوئٹرکے نئے مالک ایلون مسک نے ٹوئٹرکے نشان کے ساتھ ایک قبرکی تصویرشیئرکی اس تصویر سے دنیابھرمیں یہ مطلب اخذ کیاگیا کہ ایلون مسک ٹوئٹر کودفن کرنے جارہے ہیں۔ ان خدشات کو ٹوئٹرکے دفاتر کی بندش اورملازمین کوچھٹی دیئے جانے جیسے اقدامات سے بھی تقویت ملی ۔ برطانوی نشتریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ایلون مسک نے تمام ملازمین کو گھر بھیج دیا ہے اور ٹوئیٹر کے تمام دفاتر کو 21نومبر تک بند کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر پر ذومعنی ٹویٹس کی ہیں اور ٹوئٹر کی قبر بھی دکھا دی ہے انہوں نے ٹوئیٹس کی ہیں کہ تاریخ میں ٹوئٹر کا استعمال اس وقت سب سے زیادہ ہورہا ہے اور اسے اسی میں ڈوب جانے دو۔ ایلون مسک کے ٹویئٹر بند ہونے کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی جبکہ میمز کا طوفان بھی برپا ہوگیا۔ ٹوئٹر کے بند ہونے کے خدشہ کے پیش نظر صحافیوں ، سماجی کارکنوں، مختلف کمپنیوں اور سیاسی افراد نے فیس بک اور دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کے لنکس شیئر کرتے ہوئے اپنے فالورز کو اس جانب مدعو کیا ۔
سابق وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے ایلون مسک سے اپیل بھی کی ہے کہ وہ انہیں مزید مشکل میں نہ ڈالیں کیونکہ ٹوئٹر کے بغیر دنیا کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔ٹوئٹر پر صارفین ایلون مسک کو برا بھلا کہتے ہوئے دیکھا جارہے ہیں جبکہ ٹوئٹر کی موجودہ حالت بھی زیر بحث ہے ایلون مسک نے چند روز قبل ہی تمام کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کردیا تھا جبکہ اعلیٰ عہدوں پر موجود بھارتی ملازمین سمیت متعدد ملازمین کو بھی فارغ کردیا تھا۔ایلون مسک، جو ارب پتی امریکی شخصیت ہیں، نے جب ٹوئٹر خریدا تو یہ واضح تھا کہ ایک معروف اور مصروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم بڑی تبدیلی کے عمل سے گزرے گا۔تاہم نوبت یہاں تک پہنچ جائے گی کہ خود ایلون مسک ہی ٹوئٹر کی قبر کی تصاویر شیئر کرنے لگیں گے.
یہ شاید کسی نے نہیں سوچا تھا۔ایک صارف نے جب سوال کیا کہ کیا ٹوئٹر بند ہونے والا ہے تو ایلون مسک نے جواب میں کہا کہ بہترین لوگ اب بھی یہاں موجود ہیں تو مجھے بہت زیادہ پریشانی نہیں ہے۔ایلون مسک کے اس جواب کے باوجود دنیا بھر میں صارفین کی جانب سے اس شبہ کا اظہار کیا گیا کہ شاید ٹوئٹر کا آخری وقت آ چکا ہے۔ایسے میں سیاست دان ہوں، صحافی ہوں، یا پھر کاروباری حضرات، سب نے ہی دلچسپ تبصرے کیے۔صارف سٹیو شمڈٹ نے لکھا کہ ٹوئٹر ٹائی ٹینک جیسی صورتحال کا شکار ہے۔ اس کا انجن بند ہو چکا ہے لیکن بجلی ابھی باقی ہے۔ کچھ کشتیاں پانی میں اتاری جا چکی ہیں۔ تھوڑی ہی دیر میں یہ پریشانی بھگڈر میں بدل جائے گی۔ ایک صارف نے لکھا کہ فیصل واوڈا اگر اتنے ہی امیر ہیں تو ٹوئٹر خرید لیں، ایلون مسک سے تو نہیں سنبھالا جا رہا۔

مزید دیکھیں :   فیصل واوڈا نا اہلی کیس، مختصر تحریری فیصلہ جاری