قبائلی اضلاع میں ترقیاتی پروگرام

قبائلی اضلاع میں5ارب کے ترقیاتی پروگرام کی منصوبہ بندی

ویب ڈیسک : قبائلی اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی اور سڑکوں کی تعمیر کے 5ارب روپے کے منصوبوں کیلئے صوبائی حکومت نے ویلج کونسل سطح کی منصوبہ بندی طلب کرلی ہے۔ محکمہ بلدیات کو ہر ویلج کونسل سطح پر مرتب پلاننگ کی تفصیلات ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ محکمہ بلدیات ڈائریکٹوریٹ ذرائع کے مطابق محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اڑھائی ارب روپے کے صاف پانی کی فراہمی اور اڑھائی ارب روپے کے سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کیلئے ہر ویلج کونسل کی سطح پر منصوبہ بندی کی جائے۔
ہر ویلج کونسل کا الگ الگ منصوبہ تیار کرتے ہوئے اسے محکمہ ترقی و منصوبہ بندی ارسال کیا جائے اور اس منصوبہ بندی کی بنیاد پر معاملہ صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی میں زیر بحث لایا جائے بغیر منصوبہ بندی کے ان دونوں منصوبوں کی مجموعی طور پر منظوری نہیں دی جائے گی۔ الگ الگ منصوبوں سے یہ بات بھی واضح ہو جائے گی کہ محکمہ بلدیات ان 5ارب کے منصوبوں پر کام کرنے کیلئے کتنا تیار ہے اور کس حد تک اس پر پیش رفت کی گئی ہے محکمہ بلدیات ڈائریکٹوریٹ ذرائع کے مطابق ہر ویلج کونسل سطح پر یہ منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے
ان سب سے اس کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں جو آئندہ ہفتے محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کو ارسال کی جائیگی ۔ قبائلی اضلاع میں 711ویلج و نیبر ہڈ کونسلیں ہیں جن کا انتظام محکمہ بلدیات کے پاس ہے اور مذکورہ 5ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کو ترقیاتی پروگرام سے شروع کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل پر حملہ، پاکستان کا بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار