ارباب نیازکرکٹ سٹیڈیم

ارباب نیازکرکٹ سٹیڈیم کی تعمیرپھرکھٹائی میں پڑ گئی

ویب ڈیسک : پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر میں مزید تاخیر کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے جس کے باعث اب سٹیڈیم کی تکمیل امسال دسمبر تک مکمل ہونے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں ۔ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم آئندہ سال اپریل تک مکمل ہونے کا امکان ہے ۔ محکمہ کھیل ذرائع کے مطابق رواں برس سٹیڈیم کی تعمیر کیلئے 35کروڑ روپے سے زائد فراہم کئے گئے تھے جو اس منصوبہ کیلئے مختص ایک ارب 94کروڑ61لاکھ روپے کی باقی ماندہ رقم ہے
اسی رقم میں اس سٹیڈیم کو مکمل کرنے کا ٹاسک ٹھیکہ دار کے حوالہ ہے ۔ ذرائع کے مطابق سٹیڈیم کی تکمیل کیلئے دسمبر کی ڈیڈ لائن ہے تاہم ترقیاتی پروگرام منجمد ہونے کے باعث اب یہ ممکن نہیں ہے چند ہفتے قبل بیرون ملک سے لائے جانے والے سامان کی خریداری میں تاخیر کے باعث سٹیڈیم کی تعمیر تعطل کا شکار رہی ہے تاہم اب تمام خریداری مکمل کرلی گئی ہے لیکن ترقیاتی پروگرام کے منجمد ہونے سے مسئلہ پیدا ہورہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سٹیڈیم کی تعمیر آئندہ برس اپریل تک ہونے کا امکان ہے
کیونکہ ترقیاتی فنڈز منجمد ہونے کے باعث تعمیراتی کام بھی سست ہوگیا ہے۔ سٹیڈیم کی تعمیر کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کیلئے ہاسٹل کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے جبکہ اکیڈمی کی تعمیر بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے منصوبہ دسمبر 2017میں شروع کیا گیا تھا اور اسے دسمبر 2020تک مکمل کیا جانا تھا تاہم کورونا کے باعث اس منصوبے کی تکمیل کی ڈیڈ لائن متاثر ہوگئی اور اس میں مزید ایک سے ڈیڑھ سال تاخیر کے بعد رواں برس دسمبر کی ڈیڈ لائن دی گئی جس میں اب مزید تین سے چار ماہ تاخیر ممکن ہے ۔

مزید دیکھیں :   گیس کی قلت، شہری مہنگی ایل پی جی اور لکڑی استعمال کرنے پر مجبور