بچوں کے سامنے ماں کوذبح

بچوں کے سامنے ماں کوذبح کرنے والے سنگدل شخص کوسزائے موت

ویب ڈیسک :اسلام آباد میں دردناک طریقے سے قتل کئے جانے والے کیس کافیصلہ آگیا۔ڈسٹر کٹ اینڈ سیشن جج عطا ربانی نے بچوں کے سامنے ماں کو گلا کاٹ کر قتل کرنے والے باپ کو سزائے موت کا حکم سنادیا۔ بچوں کی گواہی نے باپ کو سزائے موت دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے اسٹیٹ کی جانب سے کیس کی پیروی کی۔ فیصلے کے مطابق پراسیکیوشن کیس کو ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔مجرم ناصر حسین نے 19 نومبر 2020کو بیوی کو دو بچوں کے سامنے قتل کیا۔اٹھارہ سال قبل دونوں کی شادی ہوئی اور سہالہ میں کرائے کے گھر میں رہ رہے تھے ۔ان کی اولاد میں تین بیٹے دو بیٹیاں ہیں۔
مجرم سوزوکی لوڈر جبکہ مقتولہ گھروں میں کام کرتی تھی۔ مجرم نشے کا عادی اور بیوی پر ٹارچر کرتا تھا ۔ مقتولہ نے رشتہ داروں کو کئی بار اس بارے میں بتایا تھا ۔ مدعی کے مطابق 19نومبر 2020کو صبح 8 بجے رشتے داروں کو کال آئی فرزانہ کو قتل کردیا گیا ، مدعی پولی کلینک پہنچے تو مقتولہ کے دو بیٹے حسنین اور محمد عاقب ہسپتال میں موجود تھے ۔ بیٹوں نے عدالت کو بیان میں بتایا کہ والد نے ان کے سامنے والدہ کو قتل کیا۔تھانہ سہالہ پولیس اسٹیشن میں ملزم کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ پراسیکوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا جرم ثابت کرنے کے کافی شواہد موجود ہیں۔ ملزم نشے کا عادی تھا خاتون پر ٹارچر کرتا تھا پھر اسے قتل کردیا سزا کا حقدار ہے۔

مزید پڑھیں:  لوئر دیر، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رشوت پر ایم پی اے کا سرپرائز وزٹ