انگلینڈ کو آسڑیلیا کے ہاتھوں 221 رنز کی ریکارڈ شکست

آسڑیلیا نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں بھی انگلینڈ کی ٹیم کو 221 رنز کے بڑے فرق سے شکست دیکر تین ون ڈے میچوں کی سیریز تین صفر سے جیت لی ہے، انگلینڈ کی یہ ون ڈے میچوں میں اب تک کی سب سے بڑی شکست ہے، آسڑیلوی اوپنرز ٹریوس ہیڈ اور ڈیوڈ وارنر نے 269 کی شراکت داری کرتے ہوئے ون ڈے میچوں میں اوپننگ شراکت داری کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کردیا، تفصیلات کے مطابق میلبرن میں ہونے والے تیسرے ون ڈے میچ کا ٹاس انگلینڈ نے جیت کر پہلے آسڑیلیا کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، بارش کے باعث میچ کو 48،48 اوورز تک محدود کیا گیا تھا،
آسڑیلیا جسے پہلے بیٹنگ کی دعوت دی گئی تھی نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 355 رنز بنا ڈالے، آسڑیلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے 152 جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 106 رنز کی اننگز کھیلی ، انگلینڈ کی جانب سے اولے سٹون چار جبکہ لیام ڈائوسن ایک وکٹ حاصل کرسکے، جواب میں انگلینڈ کی ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 31.4 اوورز میں 142 رنز پر ڈھیر ہو کر میچ 221 رنز کے بڑے فرق سے ہار گئی، انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے 33 رنز کے ساتھ جبکہ جیمز وینس بائیس رنز کے ساتھ نمایاں رہے، آسڑیلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے چار، پیٹ کمنز اور شین ایبٹ نے دو دو جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور مچل مارش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ٹریوس ہیڈ جبکہ پلیئر آف دی سیریز ڈیوڈ وارنر قرار پائے۔

مزید پڑھیں:  بابراعظم کو ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی ملنے کا امکان