خیبرپختونخوا میں بی ایس تک مفت تعلیم

خیبرپختونخوا میں بی ایس تک مفت تعلیم

ویب ڈیسک :خیبر پختون خوا کی حکومت نے بی ایس تک تعلیم مفت کردی جبکہ تیسرے مرحلہ میں یونیفارم اور کتب بھی فراہم کی جائیں گی۔اس حوالے سے خیبر پختون خوا کابینہ کا83واں اجلاس وزیراعلیٰ محمودخان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ صوبے کے سرکاری کالجوں بشمول کامرس کالجزمیں زیر تعلیم لاکھوں طلبہ و طالبات کو انصاف تعلیم کارڈ کے ذریعے مفت تعلیم دینا صوبائی حکومت کاانقلابی فیصلہ ہے جس کے تحت سیلاب زدہ علاقوں سمیت پورے صوبے کے طلباء طالبات کو داخلہ اور ٹیوشن فیسیں معاف کردی گئی ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف اور وزیر برائے اعلی تعلیم کامران بنگش نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران کامران بنگش نے بتایا کہ ہیلتھ اور کسان کارڈز کا اجراء پہلے ہی ہو چکا ہے اور اب کابینہ نے انصاف تعلیمی کارڈ کی منظوری دے دی ہے، 320 کالج کے طلبہ کو ایک سال تک فیس میں چھوٹ دی جارہی ہے جس پر حکومت کے ایک ارب روپے خرچ ہوں گے، بی ایس طلبہ کو دو سمسٹرز میں فیس کی چھوٹ حاصل ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے بی ایس تک تعلیم مفت کردی ہے، کامرس اور دیگر کالج اس میں شامل ہیں، تیسرے مرحلہ میں یونیفارم اور کتب میں بھی ریلیف فراہم کریں گے.
�� اس سے دو لاکھ 60 ہزار طلبا مستفید ہوں گے۔ بیرسٹر سیف نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں 54 نکاتی ایجنڈا زیر بحث لایا گیا، پاکستان نے ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے اور اسے محکمہ ماحولیات قوانین کا حصہ بنایا گیا تاکہ پارہ استعمال ریگولیٹ ہوسکے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ بلیو پائن اور چیڑ کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے، بلیو پائن 40 سے 50 اور چیڑ کی قیمت 35 سے 40 روپے کردی گئی ہے، ڈاکٹر سید سبحان اللہ کو انوائرمینٹل ٹربیونل میں ممبر ٹیکنیکل لگایا دیا گیا ہے، ہیومیوپتھک اور حکماء کے الائونس میں اضافہ کردیا گیا ہے، نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے تحت 430 ملین ڈالرز کا پروگرام ہے جس میں کے پی کا حصہ 72.7 ملین ڈالر ہے  جس کی منظوری ہوگئی ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ جلوزئی ہائوسنگ اسکیم میں 1312 فلیٹس کی تعمیر کے لیے معاہدہ کی منظوری ہوگئی ہے، 150 کنال اراضی پر تعمیر ہوں گے، ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی ایکٹ میں چارکنال کے بدلے ایک کنال ڈیویلپ اراضی دینے کی منظوری دی گئی ہے، ٹانک میں گومل یونیورسٹی کیمپس کے لیے 100 کنال اراضی دی گئی، پکتیکا اور خوست میں زلزلے کے حوالے سے 8.8 ملین کی منظوری دی گئی۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ پشاور میں زیادتی اور قتل ہونے والی بچیوں کے لیے دس دس لاکھ روپے جبکہ ملک لیاقت حملہ میں شہید ہونے والوں کے لیے تیس تیس لاکھ کی منظوری دی گئی۔جیل اصلاحات پر انہوں نے بتایا کہ کابینہ کے فیصلے مطابق اب ای میل کے ذریعے بھی رہائی ممکن ہوپائے گی جو پہلے تحریری طورپر ممکن تھی اوروزیر اعلی کے علاوہ وزیریامشیر بھی حکم دے سکیں گے، جونائیل جسٹس کمیٹیاں ہر ضلع میں بنائی جائیں گی، مجسٹریٹ فرسٹ کلاس سربراہ ہوگا۔معاون خصوصی برائے اطلاعات نے بتایا کہ گدون کو تحصیل کا درجہ جبکہ چترال کہ ملکھو اور کو بھی دو تحصیلوں میں تقسیم کردیا گیا ہے، ایری گیشن چینلز اور دریائوں کے پشتوں کی تعمیرکے لیے ایک ارب روپے کی منظوری دی گئی، سیٹیزن فیسی لیٹیشن سینٹر مردان کے لیے دوکنال اراضی کی منظوری دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ کیلاش کے لیے کمیونٹی انڈومنٹ فنڈ کی منظوری دی گئی، تحریک انصاف کے احتجاج پر سرکاری ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہورہا، عمران خان ٹیلی تھون سے سیلاب زدگان کے لیے رقم آرہی ہے، گندم کی سپورٹ پرائس 2600 سے 3000 روپے فی من کردی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سٹی میئر پشاور اگر سپین مسجد کو نہیں گرانا چاہتے تو ذمہ داری لیں یا آزادانہ انکوائری کرالیں، اگر مسجد شہید نہیں کی جاتی اور کوئی حادثہ ہوجاتا ہے تو ذمہ دار سٹی میئر ہی ہوں گے، لکی مروت واقعہ سے ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات متاثرنہیں ہوئے مذاکرات کاعمل جاری ہے ختم نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں:  فوجی عدالتوں کو محفوظ شدہ فیصلے سنانے کی مشروط اجازت