آئی ایس پی آر

بھارتی فوج کا آزاد کشمیر میں دہشتگردوں کے لانچ پیڈا کا دعویٰ بے بنیاد ہے، آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک: افوج پاکستان نے بھارت کے اعلیٰ فوجی افسر کی جانب سے آزاد جموں کشمیر میں دہشتگردوں کے لانچ پیڈا کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیدیا۔
پاک فوج کا شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بھارتی الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے ٹویٹ میں لکھا کہ آزاد کشمیر میں دہشتگردوں کے لانچ پیڈا کا دعویٰ بے بنیاد ہے، بھارتی اعلی فوجی عہدیدار کا خود فریبی پر مبنی بیان غیرضروری تھا، بھارتی عہدیدار کا بیان داخلی سیاسی صورتحال کے بھارتی فوج کی سوچ پر اثرات کو واضح کرتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بھارتی عہدیدار کا بیان سراسر غلط اور بے بنیاد الزام ترشی پر مبنی ہے، نام نہاد لانچ پیڈز اور دہشتگردی کے الزامات بھارتی فوج کے مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں، بھارتی فوجی عہدیدار کے بلند و بانگ اور غیر حقییقی دعوے عقل و دانش کی توہین ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں حق خودارادیت کی جدوجہد کچلنے میں مصروف ہے، بھارتی فوج انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے، عالمی قرارداوں اور آئین کے تحت حق خودارادیت کشمیریوں کا حق ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان امن کی خواہش کے ساتھ اپنی سرزمین کیخلاف کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، حال ہی میں بالاکوٹ حملوں سمیت پاکستان کئی مواقع پر اپنی صلاحیت کا اظہار کر چکا ہے، توقع ہے کہ خطے میں امن کے لئے بھارتی فوج غیر ذمہ دارانہ اور تلخ بیان بازی سے گریز کرے گی۔

مزید پڑھیں:  آرمی چیف سے سعودی وزیر دفاع کی ملاقات، تعاون بڑھانے پر غور