ہراسانی کیس افغان کمشنریٹ

ہراسانی کیس ، افغان کمشنریٹ کے دوافسران سے ریکوری روک دی گئی

ویب ڈیسک : پشاور ہائیکورٹ نے افغان کمشنریٹ کی خاتون آفیسر کومبینہ طور پرہراساں کرنے کے کیس میں ملازمت سے برخاستگی اور 5,5 لاکھ روپے جرمانہ پانے والے دوافسران کی سزاء کیخلاف دائر اپیل پردرخواست گزاروں سے ریکوری روک دی جبکہ مزید سماعت 7 دسمبرتک کیلئے ملتوی کردی ۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس روح الامین اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل بنچ نے درخواست گزاروں کی اپیل پر سماعت کی ۔
درخواست گزار افغان کمشنریٹ میں آفیسرز کے عہدوں پر کام کرتے تھے جن پر افغان کمشنریٹ میں خاتون ملازمہ نے مبینہ ہراسانی کا الزام لگایاتھا جبکہ وفاقی محتسب برائے انسدادہراسانی نے دونوں کو ملازمت سے برخاست کرنے اور انہیں 5,5لاکھ روپے جرمانہ کیا تھاجس کے خلاف انہوں نے پشاورہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
پشاورہائیکورٹ کے ایک بنچ نے گزشتہ سماعت پر کمشنرافغان کمشنریٹ کوبھی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ اس موقع پر درخواست گزاروں کے وکیل نے دونوں افسران سے ریکوری روکنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے کیس فیصلہ ہونے تک ان سے ریکوری روکنے کی ہدایت کی اورقراردیا کہ آئندہ سماعت پر فریقین کو سننے کے بعدکیس فیصلہ کیا جائے گا۔ عدالت نے کیس پرمزید سماعت 7 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا، خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات 21 اپریل کو ہوں گے