سردیوں کو کیسے قیمتی بنائیں

سردیوں کو کیسے قیمتی بنائیں؟

ویب ڈیسک :جس طرح بعض لوگ گرمی سے تنگ و پریشان ہوتے ہیں، اسی طرح بیمار اور ضعیف لوگوں کو سردیوں میں کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے میں موسم کی شدت محسوس کر کے زبان سے شکوہ و شکایت کرنے کی بجائے یہ یقین رکھنا چاہیے کہ یقیناً اس میں اللہ تعالیٰ کی بے شمار حکمتیں پوشیدہ ہیں اور اللہ تعالیٰ جو بھی فیصلہ کرتا ہے انسان کی مصلحت میں ہوتا ہے۔
موسم سرما کے فضائل
اللہ تعالیٰ کی پسندیدہ اور اس کی قربت کا باعث بننے والی دو اہم ترین عبادات کرنے کے لئے موسم سرما انتہائی موزوں ہے۔ ان میں سے ایک اہم اور اللہ تعالیٰ کی پسندیدہ عبادت روزہ ہے۔ موسم سرما میں ایک تو دن مختصر ہوتے ہیں اور دوسرا پیاس کم لگتی ہے، ان دو آسانیوں کے ہوتے ہوئے ذرا سی مشقت کے ساتھ موسم سرما کے دنوں میں نفلی روزوں کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔ بہت زیادہ فضائل اور دنیوی و اخروی سعادتوں کی حامل اللہ تعالیٰ کی پسندیدہ دوسری اہم عبادت نماز تہجد ہے۔ موسم سرما کی راتیں طویل ہوتی ہیں، انسان پر بہ نسبت گرما کے، موسم سرما میں نیند کا غلبہ نہیں ہوتا، اس لیے ان راتوں میں اٹھ کر تہجد اور پھر اپنے، اہل و عیال، ملک اور امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سردی کا موسم مومن کے لیے بہار کا موسم ہے، اس کے دن چھوٹے ہوتے ہیں تو وہ روزہ رکھتا ہے اور راتیں طویل ہوتی ہیں تو وہ تہجد پڑھتا ہے۔

مزید پڑھیں:  تہران، سالانہ فوجی دن پر پریڈ، فوجی طاقت کا مظاہرہ