ن لیگ زیادہ آرمی چیف

ن لیگ نے سب سے زیادہ6،پیپلزپارٹی نے2آرمی چیف تعینات کئے

ویب ڈیسک : پاکستان مسلم لیگ ن پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ 6آرمی چیف تعینات کرنے والی سیاسی جماعت بن گئی ہے ۔ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے 5جبکہ ان کے بھائی اور موجودہ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے ایک آرمی چیف کو تعینات کیا ہے ۔ مسلم لیگ ن نے کبھی بھی کسی آرمی چیف کو توسیع نہیں دی ہے جبکہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے ایک ایک بار آرمی چیف کو توسیع دی ہے ۔ پاکستان میں آرمی چیف کا عہدہ جنرل ٹکا خان سے شروع ہوتا ہے
جنہیں صدر پاکستان ذوالفقار علی بھٹو نے تعینات کیا تھا تاہم ذوالفقار علی بھٹو نے بطور منتخب وزیر اعظم صرف ایک آرمی چیف کو تعینات کیا جو جنرل ضیاء الحق تھے پیپلز پارٹی نے چار بار حکومت کی جن میں ایک بار ذوالفقار علی بھٹو وزیر اعظم رہے بے نظیر بھٹو دو بار وزیر اعظم رہیں اور انہیں ایک بار آرمی چیف کی تعیناتی کا موقع ملا بے نظیر بھٹو نے جنوری 1996 میں جنرل جہانگیر کرامت کو آرمی چیف تعینات کیا تھا 2008سے لیکر 2013تک پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران 2010میں جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت مکمل ہوئی تو پیپلز پارٹی نے انہیں مزید تین سال کی توسیع دیدی۔ مسلم لیگ ن نے اب تک پانچ آرمی چیف تعینات کیے ہیں جبکہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر مسلم لیگ نے چھٹے آرمی چیف ہونگے جو 29نومبر کو عہدہ سنبھالیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے جنرل اسلم بیگ کی ریٹائرمنٹ کے بعد 1991 میں جنرل آصف نواز کو آرمی چیف تعینات کیاتھا جبکہ 1993 میں جنرل آصف نواز کی وفات کے بعد انہوں نے جنرل وحید کاکڑ کو آرمی چیف تعینات کردیا 1997 میں دوسری بار وزیراعظم بننے کے بعد نواز شریف نے 1998 میں جنرل پرویز مشرف کو آرمی چیف تعینات کیاتھا 2013 میں تیسری بار وزیراعظم بننے کے بعد نواز شریف نے جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد جنرل راحیل شریف کو آرمی چیف تعینات کیاجبکہ اسی دور حکومت میں 2016 میں جنرل راحیل شریف کے تین سال بطور آرمی چیف مدت پوری ہونے پر نواز شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرمی چیف تعینات کیا۔پی ٹی آئی کو صرف ایک بار آرمی چیف کی تعیناتی کا موقع ملا جب 2019میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت مکمل ہوئی تاہم پی ٹی آئی نے انہیں مزید تین سال کی توسیع دیدی۔

مزید پڑھیں:  ٹانک میں بارشیں: کوٹ اللہ داد کا پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا