کالجز میں مطالعہ قرآن پڑھانے کا اعلامیہ جاری

کالجز میں مطالعہ قرآن پڑھانے کا اعلامیہ جاری

ویب ڈیسک :محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوانے صوبے کے 20 سرکاری کالجوں میں مطالعہ قرآن حکیم کوبطور لازمی مضمون پڑھانے کیلئے باقاعدہ سرکلر جاری کر دیا ہے اور تمام کالجوں کو فوری طور پر قرآن حکیم پڑھانے کے حوالے سے متعلقہ کالجوں کو عمل درآمد کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے صوبے کے بیس سرکاری کالجوں میں مطالعہ قرآن حکیم لازمی پڑھانے کی ہدایت کی ہے جن میں جی پی جی سی ایبٹ آباد، جی پی جی سی بنوں، جی پی جی سی درگئی ملاکنڈ،جی پی جی سی تیمورگرہ،جی پی جی سی ہری پور،جی پی جی سی کرک، جی پی جی سی کوہاٹ،جی پی جی سی لکی مروت،جی پی جی سی چارسدہ،جی پی جی سی مانسہرہ،جی پی جی سی مردان، جی پی جی سی صوابی،جی پی جی سی ڈیرہ، جی ڈی سی جہانزیب سوات،جی پی جی سی نوشہرہ، جی سی پشاور، جی پی جی سی ڈگر بونیر، جی پی جی سی چترال، جی پی جی سی پارہ چنار اور جی پی جی سی باجوڑ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اس حوالے سے سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن کی سربراہی میں ایک اجلاس ہوا تھا جس میں مطالعہ قرآن حکیم کے پرچے کیلئے تمام متعلقہ بورڈز کو نمبروں کے ساتھ ساتھ پرچے کا طریقہ کار واضح کرنے کی ہدایت کی گئی اور تمام تعلیمی بورڈز کو آئندہ تعلیمی سال کے دوران نویں اور گیارہویں جماعت کے پرچوں کے ساتھ مطالعہ قرآن حکیم کا پرچہ بھی لینے کی ہدایت کی گئی ہے جس کیلئے باہمی مشاورت سے باقاعدہ پرچہ تیار کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  بابر اعظم کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات