لکی مروت میں دہشت گردی

لکی مروت،دہشت گردوںسے جھڑپ،2جوان شہید،2زخمی

ویب ڈیسک : لکی مروت کے علاقے وانڈہ پشان کے قریب عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں سیکورٹی فورسز کے دو اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ سرائے گمبیلا تھانے کی حدود میں ہوئی۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز کے اہلکار دیہی علاقے میں سرچ آپریشن میں مصروف تھے کہ دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ شروع کردی ۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے نائب صوبیدار قاسم اور حوالدار چنگیز شہید ہو گئے جبکہ لیفٹیننٹ بلال اور سپاہی ظہور زخمی ہو گئے ۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے ۔
ادھر جمعہ کی رات بھی دہشت گردوں کے ایک گروپ نے وانڈہ ارسلا میں صدر تھانہ پر حملہ کر دیا جو پولیس نے طویل جھڑپ اور فائرنگ تبادلہ کے بعد ناکام بنا دیا۔ واضح رہے کہ حکومت نے حال ہی میں لکی درہ تنگ روڈ کے ساتھ واقع ارسلاپولیس چوکی کو تھانے کا درجہ دے کر اس کا نام صدر پولیس اسٹیشن رکھا ہے۔ لکی درہ تنگ شاہراہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ خیبر پختونخوا کو پنجاب اور سی پیک روٹ کے ذریعے اسلام آباد سے ملاتی ہے۔ لکی مروت، ٹانک اور بنوں اضلاع کے ٹرانسپورٹرز اسلام آباد جانے کے لیے اسی سڑک کا استعمال کرتے ہیں۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے صدر تھانے پر حملے میں ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ دریں اثناء رات گئے پولیس ترجمان نے بتایا کہ تھانہ پر حملہ پسپا کر دیا گیا ہے۔ حملہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

مزید پڑھیں:  پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع، اپوزیشن جماعتوں کا شور شرابہ