خیبرپختونخوا لانگ مارچ

خیبرپختونخوا کے قافلے تین اطراف سے راولپنڈی سے پہنچیں گے

ویب ڈیسک : تحریک انصاف کا حقیقی آزادی لانگ مارچ آج خیبر پختونخوا سے روانہ ہوگا تین اطراف سے پی ٹی آئی خیبر پختونخوا راولپنڈی کی جانب پیش قدمی کرے گی جبکہ راولپنڈی میں جلسے کے مقام کا تعین ہونے میں تاخیر کے باعث کارکن تذبذب کا شکار رہے ۔ خیبر پختونخوا سے قافلے آج ہفتہ کو روانہ ہوںگے۔ڈسٹرکٹ پشاور، خیبر اور مہمند کے قافلے پشاور ٹول پلازہ سے صبح 9 بجے روانہ ہوںگے جن کی قیادت صوبائی صدر پرویز خٹک کریںگے ۔ وزیر اعلیٰ محمود خان ملاکنڈ ریجن سے آنے والے قافلوں کی قیادت کریںگے یہ دونوں قافلے سوات ایکسپریس وے پر اکٹھے ہوںگے اور راولپنڈی کی جانب سے مارچ کریںگے
ہزارہ ریجن کے قافلے ہزارہ موٹر وے سے ساڑھے 11 بجے روانہ ہوںگے جن کی قیادت سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی کریںگے۔ یہ قافلے بھی راولپنڈی جائیں گے جبکہ ساؤتھ ریجن کے قافلے زیر قیادت صوبائی سیکرٹری جنرل علی امین خان گنڈا پور براستہ سی پیک شرکت کریںگے اور ہکلہ کے انٹر چینج سے راولپنڈی پہنچیں گے تمام قافلوں کو دوپہر ساڑھے 12بجے تک پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبائی وزراء عاطف خان، شہرام ترکئی، کامران بنگش، تیمور جھگڑا، ڈپٹی سپیکر محمود جان، سابق سپیکر اسد قیصر اور سابق گورنر شاہ فرمان سمیت تمام منتخب نمائندے بھی اپنے اپنے قافلوں کے ہمراہ ان تین بڑے قافلوں میں شامل ہونگے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تمام قافلوں کو 1بجے فیض آباد لازمی پہنچنے کی ہدایت کی ہے ۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق صبح جب ورکرز ملک بھر سے راولپنڈی کیلئے نکلیں گے تب تک کنٹینر کے مقام کو بھی فائنل کرلیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کی اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر پابندی کی حمایت