عمران خان اسمبلیاں

عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا کہیں گے تو ایک منٹ تاخیر نہیں ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ صوبے کی حکومت عمران خان کی امانت ہے جب عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا کہیں گے تو اسمبلی تحلیل کرنے میں ایک منٹ کی دیر نہیں ہوگی
ویب ڈیسک: اپنے ویڈیو بیان میں پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ پنجاب حکومت عمران خان کی امانت ہے، ہم وضع دار ہیں جس کے ساتھ چلتے ہیں، اس کا ساتھ نہیں چھوڑتے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا کہیں گے تو ایک منٹ کی دیرنہیں ہوگی، استعفے دیے تو شہبازشریف کی 27 کلومیٹر کی حکومت 27 گھنٹے بھی نہیں چل سکے گی، اللہ نے عمران خان کو نئی زندگی عطا کی ہے، راولپنڈی جلسے میں عمران خان کی سیاسی حکمت عملی فیصلہ کن راؤنڈ میں داخل ہوگئی، صوبائی اسمبلیوں سے استعفے آتے ہی پی ڈی ایم کا جعلی اتحاد بھی انتشارکی شکل ہوجائے گا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ ن لیگ والے شعبدہ باز جھوٹ بولنے سے باز ہی نہیں آرہے، آپ کے ساتھ الیکشن میں وہ ہوگا آپ کی پشتیں بھی یادرکھیں گی، اس ملک میں دین کی حکمرانی ہوگی، ایسےکام ہوں گے جس سے عام اورغریب آدمی اوران کے بچوں کوفائدہ ہو، اس کی ابتدا پنجاب سےہوچکی ہے، روزایک نئی چیز نظر آئے گی جس کافائدہ غریب آدمی کوہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی کے جلسے سے خطاب میں کہا تھاکہ تمام اسمبلیوں سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے اور جلد مشاورت کے بعد اعلان کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی ملک بدری کے احکامات جاری