پی ٹی آئی کے ناراض ارکان

اپوزیشن کے پی ٹی آئی کے ناراض ارکان سے رابطے

ویب ڈیسک : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے اسمبلیوں سے استعفیٰ کے اعلان کے بعد خیبر پختونخوا کے ناراض ارکان سے اپوزیشن نے رابطہ بحال کر دئیے ہیں۔ ماضی میں پی ٹی آئی چھوڑ کر دیگر جماعتوں میں شامل ہونے کا ارادہ رکھنے والے ارکان اسمبلی سے جمعیت علماء اسلام سمیت مسلم لیگ اور عوامی نیشنل پارٹی نے مختلف سطحوں پر رابطہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مرکز میں تبدیلی کے بعد خیبر پختونخوا میں جب تبدیلی لانے کی کوشش کی گئی تو تحریک انصاف کے 20سے زائد ارکان اسمبلی نے اپوزیشن کے ساتھ جانے کی حامی بھر دی تھی۔
بدلے میں انہوں نے آئندہ عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ مانگے تھے تاہم بعد ازاں پی ٹی آئی کی مقبولیت کا گرا ف دیکھ کر ناراض ارکان خاموش ہوگئے اور خان کے قافلے میں دوبارہ شامل ہوگئے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اب عمران خان نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد ناراض ارکان اپنی اسمبلی رکنیت بچانے کے چکر میں ہیں اس ضمن میں اپوزیشن نے بھی ان ارکان سے رابطہ کیا ہے اور ان سے رائے جاننے کی کوشش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے اسمبلی سے مستعفی ہونے کے فیصلے کے وقت ڈیڑھ درجن سے زائد ارکان کپتان کا فیصلہ ماننے سے انکار کر سکتے ہیں ان میں کئی ارکان پہلے ہی پارلیمانی پارٹی میں شرکت نہیں کر رہے اور کئی ارکان خاموشی سے اپنا احتجاج کئی پلیٹ فارمز پر پارٹی پالیسی کے خلاف ریکارڈ کروا چکے ہیں تاہم اب ان کی جانب سے واضح طور پر کئی حتمی فیصلہ سامنے آسکتا ہے ۔

مزید پڑھیں:  ڈالر کی تنزلی جاری، سٹاک ایکسچینج میں 66 ہزار کی حد بحال