تاریخی بازاروں کی تزئین و آرائش

تاریخی بازاروں کی تزئین و آرائش کیلئے عملی اقدامات کا آغاز

ویب ڈیسک: اندرون شہر کے تاریخی بازاروں کی تزئین و آرائش اور عظمتِ رفتہ کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا اس سلسلے میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیرِ صدارت پشاور اپ لفٹ پروگرام کے تحت اندرون شہر کے تاریخی بازاروں قصہ خوانی تا کابلی گیٹ، قصہ خوانی چوک تا چوک یادگار ، گھنٹہ گھر تا چوک یادگار، لیڈی ریڈنگ ہسپتال ارد گرد پرانے شہر کی دیوار کی تزئین وآرائش اور تاریخی حیثیت کی بحالی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ان تاریخی بازاروں کی عظمت رفتہ کی بحالی اور تزئین و آرائش کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کے افسران کو اپنی اپنی تجاویز مرتب کرکے ایک ہفتے میں رپورٹ کمشنر پشاور ڈویژن کو پیش کرنے کی ہدایات کی گئیں بجلی ، گیس اور ٹیلیفون کے تاروں کی زیرِ زمین تنصیب کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو اپنی سطح پر سروے کرنے اور تخمینہ لاگت کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ بازاروں میں بجلی،گیس اور ٹیلیفون کے تار اور پائپ زیرِ زمین بچھائے جائیں گے اور بجلی اور ٹیلیفون کے کھمبے سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے مکمل ختم کرد یئے جائیں گے جس کیلئے تاجروں سمیت تمام متعلقہ اداروں کو اعتماد میں لیا جارہا ہے۔ ان بازاروں کے قدیمی پرائیویٹ عمارتوں کی بھی قدیم طرز پر تزئین و آرائش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ان بازاروں میں ٹریفک بند کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے جس سے تاجروں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا اس مقصد کیلئے اگلے ہفتے دوبارہ اجلاس طلب کرلیا گیا ہے ۔

مزید پڑھیں:  پشاورہائیکورٹ،مرادسعید ودیگرکےکاغذات منظوری کیخلاف درخواستوں پرفریقین کونوٹس جاری