غیر معیاری ہیئر ٹرانسپلانٹ

غیر معیاری ہیئر ٹرانسپلانٹ ، سیلونز سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ

ویب ڈیسک : خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ صحت کی تشکیل کردہ ذیلی کمیٹی کی چئیر پرسن و رکن صوبائی اسمبلی ریحانہ اسمٰعیل نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں تمام جمالیاتی مراکز کو حفظان صحت کے اصولوں و قانونی دائرے میں لانے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ غیر رجسٹرڈ و غیر معیاری ہئیر ٹرانسپلانٹ، سیلونز اور دیگر جمالیاتی مراکز کی بدولت بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں ذیلی سب کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا۔ چئیر پرسن ریحانہ اسمٰعیل نے جمالیاتی مراکز اور انکی مہنگے داموں خدمات و خدشات سے متعلق اسمبلی فلور پر آواز اٹھانے پر ایم پی اے شگفتہ ملک کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے ایم پی اے شگفتہ ملک کی درخواست پر اگلے کمیٹی اجلاس میں کنزیومر ایکٹ کے بارے میں کمیٹی کو بریف کرنے کیلئے محکمہ قانون کے نمائندے اور انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ کو ذمہ داریاں بھی حوالے کیں ۔
ایم پی اے شگفتہ ملک نے جمالیاتی مراکز اور ان میں استعمال مشینوں کا وقتاً فوقتاً جائزہ لینے کیلئے دورے کرانے پر بھی زور دیا۔ کمیٹی کی چئیر پرسن و ممبر صوبائی اسمبلی ریحانہ اسمٰعیل نے اگلے کمیٹی اجلاس میں نمائندہ پی ایم ڈی سی اور ڈی سی پشاور کو بلانے سمیت ضلع پشاور میں کمیٹی اراکین کو مذکورہ مراکز کے دورے کرانے سے متعلق امور استوار کرنے کیلئے اسمبلی انتظامیہ کو ہدایات بھی جاری کیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور، خیبرپختونخوا میں مقیم افغان باشندوں کی میپنگ آخری مرحلہ میں داخل