خیبر پختونخوا دیوالیہ

صوبہ کے دیوالیہ ہونے کاخطرہ ٹل گیا،30ارب کا بندوبست ہوگیا

ویب ڈیسک : خیبر پختونخوا حکومت نے مالی مشکلات پر قابو پانے کیلئے مختلف ذرائع سے 30ارب روپے کا بندوبست کرلیا جس کے بعد صوبے کے فوری دیوالیہ ہونے کا خدشہ ٹل گیا ہے جبکہ محکمہ خزانہ نے ملازمین کی تنخواہوں کا اجراء بروقت یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ نے تین ہفتے قبل مختلف ذرائع سے 60ارب روپے کا چھ ہفتوں میں بندوبست کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا اس ضمن میں خود مختار اداروں اور بین الاقوامی امدادی اداروں سے فنڈز مانگے گئے تھے تاکہ صوبائی حکومت نے دیوالیہ ہونے کے خدشہ کو کم کیا جا سکے۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کے مطابق صوبائی حکومت نومبر میں 30ارب روپے کا بندوبست کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے جس سے صوبے کا اکائونٹ بہتر ہوگیا ہے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت کو دیوالیہ کرنے کی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔
دوسری جانب محکمہ خزانہ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اکائونٹ میں بہتری سے صوبے کے معاشی حالات بھی بہتر ہوئے ہیں اور صوبے کے پاس تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے فنڈز موجود ہیں محکمہ نے اکتوبر میں جو پالیسی جاری کی ہے اسی کے تحت یکم کو تنخواہوں کا اجراء شروع کیا جائے گا آج سے تمام محکمے تنخواہوں کے اجراء کا عمل شروع کر دیں گے اور تنخواہوں کی فراہمی شروع ہوجائیگی۔

مزید پڑھیں:  کوہاٹ، چکر کوٹ بالا کی پہاڑیوں سے نوجوان کی لاش برامد