بنوں غیرمعیاری آکسیجن ٹینک واپس

بنوں ہسپتال کیلئے غیرمعیاری آکسیجن ٹینک واپس کردیاگیا

ویب ڈیسک : محکمہ صحت کی جانب سے اعتراضات کے بعد خلیفہ گل نواز میموریل ٹیچنگ ہسپتال بنوں میں نصب غیر معیاری آکسیجن ٹینک متعلقہ کمپنی نے اٹھا لیا ہے ۔ اس ٹینک کی جگہ ایک اور انجینئر نگ کمپنی نے ایک نیا ٹینک بالکل مفت فراہم کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عام طور پر ہسپتالوں کو بھاری مشینری اور کیمیکل وغیرہ سپلائی کرنے والی کمپنیاں ہسپتال کے ساتھ ریجنٹ بیسڈ پالیسی کے تحت معاہدے کرتی ہیں جو کمپنی مشین انسٹال کرتی ہے اس مشین پر صرف اس کمپنی کا سامان یا کیمیکل استعمال کیا جاتا ہے لیکن کورونا ایمرجنسی کے دوران محکمہ صحت کے حکام نے مائع آکسیجن کی سپلائی کیلئے پنجاب کی ایک کیمیکل انجینئرنگ کمپنی کو ایک ہزار لیٹر کی گنجائش پر قیمت پر فراہم کرنے کا معاہدہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ سپلائی آرڈر کے بعد متعلقہ کمپنی نے خلیفہ گل نواز ہسپتال بنوں اور سیدو ٹیچنگ ہسپتال میں یہ ٹینک انسٹال کئے اور فی ٹینک1کروڑ روپے کے حساب سے تقریبا2کروڑ روپے کی فراہمی کا مطالبہ کیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ اس دوران انسپکشن کمیٹی کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا جس کے بعد انکوائری میں بھی انسپکشن کمیٹی کے اعتراضات کی توثیق ہوئی جس کی روشنی میں بنوں میں پیسے روک دئیے گئے اور کمپنی کو اپنا ٹینک اٹھانے کی ہدایت کی گئی۔ گذشتہ روز یہ ٹینک اٹھا لیا گیا ہے اور اس کی جگہ مفت میں ملنا والا ایک ٹینک نصب کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ انسپکشن کمیٹی کی رپورٹ پر محکمہ صحت کو ایک کروڑ روپے کی بچت ہوئی تاہم اسی کمپنی کا دوسرا ٹینک ایک اور انسپکشن کمیٹی نے پاس کرکے1کروڑ روپے کی قیمت ادا کردی یہ ٹینک بھی پرانا ہے جس کو پینٹ کیا گیا ہے لیکن تاحال محکمہ صحت نے یہ ٹینک اٹھانے اور کمپنی کو پیسے واپس کرنے کا نہیں کہا ہے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان ویمن ٹیم کی ویسٹ انڈیز کیخلاف بیٹنگ جاری