مونس الٰہی سوشل میڈیا پر

مونس الٰہی اور عمران ریاض نے سوشل میڈیا پر مورچے سنبھال لئے

ویب ڈسیک : مسلم لیگ ق کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی مونس الہی کے پنجاب میں پی ٹی آئی کے اتحاد کے پیچھے جنرل (ر) قمر جاوید باوجوہ کے کردار پر دئیے جانے والے بیان نے نیا محاذ کھول دیا۔ یو ٹیوبر عمران ریاض خان اور مونس الہی نے ٹوئیٹر پر ہی میدان سجا لیا اور ایک دوسرے کے ساتھ جواب الجواب کی گرما گرم محفل سجا ڈالی۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میںمونس الہی نے جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب پنجاب میں پی ڈی ایم اور تحریک انصاف میں سے کسی ایک کا ساتھ دینے کی بات کی گئی تو قمر جاوید باجوہ نے پی ٹی آئی کے ساتھ جانے کا مشورہ دیا تھا۔ مونس الہی کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر توپوں کا رخ مونس الہی کی جانب مڑ گیا ہے ۔
انہی میں ایک یو ٹیوبر عمران ریاض بھی شامل ہیں۔ عمران ریاض نے طنزیہ ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والے سمجھتے تھے کہ پرویز الہی اور مونس الہی نے عمران خان کی محبت اور اپنے ضمیر کی آواز پر پنجاب کی وزارت اعلی کا منصب قبول کیا ہے۔ اس کا جواب دیتے ہوئے مونس الہی نے کہا کہ آپ فکر نہ کریں آپ کا ( پارٹی) ٹکٹ بھی پکا ہو گیا ہے پھر آپ ٹیک اوور کر لیں۔ جس کے بعد پی ٹی آئی اور دیگر بھی سمجھ جائیں گے ۔ عمران ریاض نے مونس الہی پر ایک اور الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہی کو پارٹی ٹکٹ مبارک ہو۔ ٹکٹوں کی فروخت آپ کا خاندانی کاروبار ہے ویسے ” ریچرڈ میلی” کی گھڑی کیسی چل رہی ہے؟ جو صرف 7کروڑ50لاکھ روپے کی ہے۔
مونس الہی نے جواب دیا کہ میرے پاس تو ”ریچرڈ میلی” کی گھڑی نہیں ہے کیونکہ مجھے لگتا ہے وہ اس کی زیادہ قیمت وصول کرتے ہیں اگر آپ اس گھڑی کے مداح ہیں تو میں ایک بھیج دوں؟ یا پھر آپ جب باضابطہ طور پر سیاست میں شامل ہوجائیں پھر آپ کو تحفہ میں دے دوں؟ عمران ریاض نے اپنی گھڑی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی گھڑی بہت پسند ہے تحفہ لے کر مکرا نہیں کرتے۔ دینے والے کا دل ٹوٹ جاتا ہے ویسے فرحان سے پوچھنا کونسی گھڑی، اچھی طرح یاد دلا دے گا۔ مونس الہی اس کے بعد خاموش ہوگئے اور کچھ دیر بعد عمران خان کے خطاب کا وہ حصہ شیئر کر دیا جس میں انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنے کے معاملہ پر مسلم لیگ ق ان کے ساتھ ہے اور اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

مزید پڑھیں:  جمرود جیل میں قیدی جاں بحق،لواحقین کا پاک افغان شاہراہ پر احتجاج