لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ

لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ کی تعمیر نو کھٹائی میں پڑ گئی

ویب ڈیسک : لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کی تعمیر کھٹائی میں پڑ گئی، دوبارہ ٹینڈر کے باوجود دو سال سے رکا ہوا تعمیراتی کام تاحال شروع نہ ہوسکا، ہسپتال کی تعمیر کے معاملے پر ٹھیکیدار اور محکمہ مواصلات(سی اینڈ ڈبلیو) کے متضاد بیانات سمیت ہسپتال کی تین منزلہ عمارت پر سکیورٹی خدشات کے باعث وفاقی ادارے کے اعتراضات کو ہسپتال کی تعمیر نو میں روکاوٹ کا سبب قرار دیا جا رہا ہے
دوسری جانب ہسپتال کے بچوں کے وارڈ میں دوسری بنیادی سہولیات سمیت وینٹیلیٹر کی عدم دستیابی اور گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ بچوں کی اموات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے بچوں کے علاج میں مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں، گزشتہ دنوں نمونیہ میں مبتلا ایک سالہ آمنہ نامی بچی کو سردی اور ہسپتال میں وینٹیلیٹر نہ ہونے وجہ سے پشاور منتقل کر دیا گیا جہاں بچی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی، ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارہا منتخب اراکان اسمبلی اور متعلقہ محکموں کو بجلی کی ایکسپریس لائن کی فراہمی کیلئے تحریری طور پر آگاہ کر چکے ہیں لیکن تاحال اس معاملے پر کوئی پیش رفت ہوتی دکھائی نہیں دے رہی
ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ہاشم جمشید نے مشرق ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رات دس سے صبح چھ بجے تک گیس نہیں ہوتی، طویل گیس لوڈشیڈنگ کے باعث نمونیہ کے مرض میں مبتلا بچوں کے علاج میں دشواری پیش آتی ہے، اکثر بچے تو رات کو سردی سے ٹھٹھر ٹھٹھر کر مر جاتے ہیں جبکہ ونٹیلیٹر نہ ہونے کی وجہِ سے بچوں کو مجبوراً پشاور یا سی ایم ایچ ریفر کرنا پڑتا ہے، گیس لوڈشیڈنگ کے حوالے سے سوئی ناردرن گیس کوہاٹ کے ایکسین سے جب اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کیلئے گیس کی مخصوص یا مختص پائپ لائن نہیں اس لئے اس علاقے میں گیس لوڈشیڈنگ یا مینجمنٹ سے ہسپتال کی گیس بھی بند ہو جاتی ہے، انہوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے بھی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی تاہم مشرق ٹی وی کی نشاندھی پر ادارہ مسئلے کے حل کیلئے غور کریگا۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل ایران تنازعہ ہمیں عالمی جنگ کی طرف دھکیل سکتا ہے، ٹرمپ