ڈبگری غیر رجسٹرڈ ڈاکٹرز

ڈبگری میں عطائیوں اور غیر رجسٹرڈ ڈاکٹرز کیخلاف گرینڈ آپریشن

ویب ڈیسک : ڈبگری گارڈن میں گذشتہ روز عطائیوں اور غیر رجسٹرد ڈاکٹرز کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا ۔جس کیلئے خیبر پختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن نے7 انسپکشن ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ جن میں صوبے بھر کے زونل دفاتر کے15فیلڈ افسران شامل تھے ۔ ڈبگری گارڈن پشاور میں 396مراکز صحت کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ 31مراکز صحت کوصفائی کے ناقص انتظامات، مستند عملے کی غیر موجودگی، زائدالمعیاد ہونے والی کٹس/ریجنٹس کی موجودگی اور طبی فضلہ تلف کرنے کا مناسب نظام نہ ہونے کی وجہ سے سیل کیا گیا۔
133مراکز صحت کو شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے۔ انسپکشن ٹیموں نے عطائیوں کے علاوہ ڈاکٹرز کے کلینکس کا بھی معائنہ کیا ۔ اس موقع پر ان تمام ڈاکٹرز کو نوٹسز جاری کئے گئے جو خیبر پختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن سے رجسٹرڈ نہ تھے اور جنہوں نے اپنے ناموں کے ساتھ غیر مصدقہ اسناد اور تعلیمی کوائف چسپاں کئے تھے۔ انسپکشن ٹیموں کی طرف سے ان تمام ڈاکٹرز کو مطلوبہ ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ سی ای او نے اس عزم کا اظہارکیا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔
بغیر رجسٹریشن کلینک چلانا قانوناً جرم ہے۔ خیبر پختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن کے قانون کے مطابق غیر رجسٹرڈ مراکز صحت عطائی مراکز ہیں۔ عطائی مراکز کو سیل کیا جائے گا اور بھاری جرمانے کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی اس طرح کے گرینڈ آپریشن کا انعقاد کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  بلوچستان میں شدید بارشیں، ندی نالے بپھر گئے، نشیبی علاقے زیرآب