پشاور گیس کا مسئلہ

پشاور میں گھریلو صارفین کیلئے گیس کا مسئلہ گھمبیر ہوگیا

ویب ڈیسک : پشاور اور اس کے نواحی علاقوں میں گیس کی سپلائی کا مسئلہ مزید گھمبیر ہوگیا ہے روزانہ بنیاد پر کئی گھنٹے کے تعطل کے نتیجے میں گزشتہ کئی روز سے مختلف علاقوں میں گھروں میں چولہے بند جبکہ بازاروں میں ہوٹل اور تندور لکڑی پر منتقل ہوگئے ہیں واضح رہے کہ پشاور اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں سوئی گیس کی سپلائی کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے جس کے باعث شہری اور دیہی علاقوں میں گھریلو صارفین کیلئے صبح،دوپہر اور شام کے اوقات میں گیس کی عدم فراہمی کسی آزمائش سے کم نہیں اس حوالے سے شیڈول کے مطابق شہری علاقوں قصہ خوانی ، خیبر بازار ، کریم پورہ ،گھنٹہ گھر ، چوک ناصر خان ، کوہاٹی گیٹ ،گنج،یکہ توت، اندر شہر ، لاہوری گیٹ ، نشتر آباد ،ہشتنگری اور گلبہار سے ملحقہ علاقوں میں چوبیس گھنٹے میں 8گھنٹے تک گیس کی سپلائی بند یا کم رہتی ہے
جبکہ مضافاتی علاقوں کے صارفین کیلئے چوبیس گھنٹے میں صرف چند گھنٹے تک گیس کی سپلائی بحال رہتی ہے اور یا پھر گھریلو صارفین کیلئے اس کا پریشر کم ہوتا ہے اس تعطل سے شہر ی اور دیہی علاقوں میں کاروبار زندگی شدید متاثر ہورہا ہے گھروں کو کھانا پکانے کیلئے بھی گیس مطلوبہ مقدار میں موجود نہیں ۔ دوسری جانب گھریلو صارفین کے ساتھ شہر میں کمرشل صارفین بھی گیس نہ ہونے سے متاثر ہیں تندور اور ہوٹلز میں مالکان کو مشکلات کا سامنا ہے ۔

مزید پڑھیں:  سپیس ایکس امریکا کیلئے جاسوس سیٹلائٹس نیٹ ورک بنانے کیلئَے تیار