عمران خان کو الیکشن میں

عمران خان کو الیکشن میں دو تہائی اکثریت ملنے کی غلط فہمی ہے، یوسف رضا گیلانی

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو الیکشن میں دو تہائی اکثریت ملنے کی غلط فہمی ہے، پی ٹی آئی چیئرمین اگر بات کرنا چاہتے ہیں تو غیر مشروط بیٹھیں تا کہ راستہ نکلے
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق لودھراں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا رسک نہیں لیں گے انہیں معلوم ہے کہ اسمبلیاں توڑ دیں تو صرف صوبوں میں الیکشن ہوں گے، چیئرمین پی ٹی آئی اگر بات کرنا چاہتے ہیں تو غیر مشروط بیٹھیں تا کہ راستے نکلیں، جب انہوں نے الیکشن کروانے کا ہمارا مطالبہ نہیں مانا تھا تو ہم کیسے مانیں۔
سابق وزیراعظم نے پرویز الٰہی کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو وزیر اعلیٰ ایک ایف آئی آر درج نہیں کروا سکا وہ اسمبلی کیا توڑے گا؟ عمران خان کا جھوٹ پر مبنی بیانیہ ایکسپوز ہوچکا ہے، یہ فوری الیکشن اس لیے چاہتے ہیں کہ ان کی کوئی بات باہر نہ نکلے، ہم نے چھوٹے چھوٹے کیسز میں 10، 10 سال جیلیں بھگتی ہیں، ان کے تو بڑے بڑے کیسز ہیں اس لیے خوفزدہ ہیں۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو الیکشن میں دوتہائی اکثریت ملنے کی بہت بڑی غلط فہمی ہے، ہماری اتحادی جماعتیں اپنے اپنے علاقوں میں بڑی با اثر ہیں، آئندہ بھی مخلوط حکومت بنےگی۔

مزید پڑھیں:  پشاور، سینٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کی فہرست جاری