ڈیرہ ایکسپریس وے کا منصوبہ

فنڈزنہ ہونے سے پشاور، ڈیرہ ایکسپریس وے کا منصوبہ لٹک گیا

ویب ڈیسک :صوبائی حکومت کی جانب سے پشاور تا ڈی آئی خان ایکسپریس وے سے متعلق صوبائی اسمبلی میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ360 کلومیٹر طویل ڈی آئی خان ایکسپریس وے کی فی الحال تعمیر نہیں کی جارہی۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کے پاس فنڈز نہیں جبکہ یہ منصوبہ وفاقی حکومت نے سی پیک میں شامل کرنے سے انکار کیا ہے۔ اس ضمن میں کوئی پرائیویٹ کمپنی بھی تیار نہیں ہے۔ اپوزیشن کے رکن اسمبلی احمد کنڈی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں فراہم کردہ تفصیل کے مطابق منصوبے پر کام کا آغاز درکار مالی وسائل کی فراہمی کے بعد کیا جائے گا اس سلسلے میں وسائل کی فراہمی کیلئے موجودہ صوبائی حکومت نے مختلف امور کے حوالے سے غور کیا ہے۔
10ستمبر 2021 کو یہ منصوبہ سی پیک پراجیکٹ میں شامل کرنے کیلئے پی سی ون منظور کرایا گیا اور حتمی منظوری کیلئے یہ پی سی ون سی پیک سے متعلق اجلاس میں1جون2022کو پیش کیا گیا لیکن تاحال اس منصوبے کو سی پیک پراجیکٹ میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ تفصیل میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلانے کی بھی منصوبہ بندی کی گئی اور اس کیلئے یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ایکٹ کی روشنی میں نجی اشتراک کیلئے منظور کرایا گیا جبکہ اس حوالے سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے بھی قرض دینے کی درخواست کی گئی ہے لیکن ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے یہ منصوبہ زیر التوا ہے۔

مزید پڑھیں:  خضدار، تیز رفتار مسافر بس الٹ گئی، 2 افراد جاں بحق، 21 زخمی