صحت کارڈ سہولت واپس

صحت کارڈ سہولت واپس لینے پر نجی ہسپتال مالکان سراپا احتجاج

ویب ڈیسک : صحت کارڈ کی سہولت واپس لینے والے صوبہ بھر کے پرائیویٹ ہسپتال مالکان نے اپنے حقوق کیلئے کے پی کے ہاسپیٹلز ایسوسی ایشن قائم کرتے ہوئے حکومتی فیصلے کی شدید مذمت کی ہے اور فیصلے کو جلد واپس نہ لینے کی صورت میں قانونی چارہ جوئی اور احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے ایگزیکٹو کلب میں پرائیویٹ ہسپتال ایسوسی ایشن کے ضلعی چیئرمین حاجی عبدالعزیز خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں سوات،ایبٹ آباد،ہری پور،صوابی،دیر، بٹگرام،ڈی آئی خان، چارسدہ اور صوبہ کے دیگر اضلاع کے پرائیوٹ ہسپتالوں کے مالکان شریک ہوئے
اس دوران محکمہ صحت کی طرف سے 48پرائیویٹ ہسپتالوں میں صحت سہولت کارڈ کی بندش کے فیصلے پر غور ہوا، حاجی عبدالعزیزخان، ملک مجیب الرحمان، ڈاکٹر نثار، ڈاکٹر طارق، خان غواص ایڈووکیٹ اور محمد انور اللہ نے فیصلے کو ہسپتالوں کے خلاف سازش قراردیتے ہوئے کہاکہ پراییٹ ہسپتال کئی دہائیوں سے لوگوں کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود غیرقانونی طورپر بیک جنبش قلم 48ہسپتالوں سے صحت کارڈ کی سہولت واپس لی گئی جس سے ان ہسپتالوں کی تضحیک اور بدنامی ہوئی
انہوں نے کہاکہ رولز کے مطابق اس حوالے سے ایک ماہ کا نوٹس دیناضروری ہے لیکن محکمہ صحت نے تمام قواعدوضوابط کو پاں تلے روند ڈالے انہوں نے کہاکہ جن ہسپتالوں کے خلاف یہ اقدام اٹھایاگیاہے ان پر کسی قسم کے اعتراضات بھی نہیں، نہ ہی ان ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی کمی تھی، اجلاس میں قراردادوں کے ذریعے حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیاگیا، اس موقع پر کے پی کے ہاسپیلٹر ایسوسی ایشن کیلئے حاجی عبدالعزیز خان کو چیئرمین، ڈاکٹر مصباح الدین ملک کو جنرل سیکرٹری جبکہ ڈاکٹر مجیب الرحمان کو ایڈیشنل جنرل سیکرٹری منتخب کرلیاگیا۔

مزید پڑھیں:  مانسہرہ، سوزوکی کھائی میں جا گری، دو افراد جاں بحق، 10 زخمی