پی ٹی آئی انتخابات

پی ٹی آئی نے انتخابات کے لئے امیدواروں کی تلاش شروع کردی

ویب ڈیسک : پی ٹی آئی نے اپنے سابقہ تلخ تجربات کی بنیادپر اگلے جنرل الیکشن میں سوجھ بوجھ کے ساتھ فیصلے کرنے اور سیاسی اور معاشی طورپر مضبوط امیدواروں کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے اس حوالے سے ملک بھر میں موزوں شخصیات کی تلاش کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جس میں پی ٹی آئی میں نئے چہرے سامنے آنے کے ساتھ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بہت سے ایم پی ایز اور ایم این ایز کے انتخابی دوڑ سے باہر ہو نے کا بھی اندیشہ ہے۔
پی ٹی آئی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے مشرق کو بتایا کہ آئندہ عام انتخابات میں بھر پور تیاری کے ساتھ اترنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گذشتہ سات ماہ میں پی ٹی آئی کے چیئر مین نے ملک بھر میں60کے لگ بھگ جلسے کئے ہیں جس کی وجہ سے ملک بھر میں پی ٹی آئی کے ووٹ اور سپورٹ دونوں میں اضافہ ہوا ہے دیگر جماعتوں کے مقابلے میں پی ٹی آئی کیلئے الیکشن مہم مشکل نہیں ہوگی
اس لئے اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے عام لوگوں کی بجائے اس مرتبہ مضبوط معاشی اور سیاسی معاملات کے حامل خاندانوں میں سے امیدواروں کا انتخاب کرنے کا مشورہ زیر غور ہے اس منصوبہ بندی کے تحت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں زیادہ تر نئے چہرے سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم یہ امیدوار معاشی اور خاندانی لحاظ سے مضبوط امیدوار ہوں گے اور موجودہ ایم پی ایز اور ایم این ایز میں سے زیادہ تر کو دوبارہ ٹکٹ نہیں دئیے جائیں گے اس مقصد کیلئے پی ٹی آئی کے عہدیدار متحرک ہیں اور جلد مختلف سیاسی جماعتوں سے امیدوار پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے کیلئے میدان میں آئیں گے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی میں سب کیلئے جگہ خالی ہے جبکہ بعض سیاسی جماعتوں میں پرانے لیڈر نئے چہرے برداشت کرنے پر تیار نہیں اس رجحان کے تحت دیگر جماعتوں کے امیدوار بھی پی ٹی آئی سے رابطے میں ہیں
اس حکمت عملی میں پارٹی پالیسیوں سے اختلافات کرنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلیوں کو بھی اس فہرست سے نکال باہر کر دیا جائے گا اور انہیں ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  حکومت خیبرپختونخوا اور عالمی ادارہ صحت کے درمیان اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق