دہشت گردی کے خلاف جنگ

دہشت گردی کے خلاف جنگ پائیدار امن اور استحکام تک جاری رہے گی، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کسی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب تک کی محنت سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی
ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے وادی تیرہ اور ضلع خیبر کا دورا کیا، جہاں انہوں نے پاک افغان سرحد پر تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ دن گزارا، آرمی چیف نے فوجی جوانوں کی آپریشنل تیاریوں اور بلند حوصلے کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں اور افسران سے خطاب میں کہا کہ قبائلی عوام اور سکیورٹی فورسز کی بے شمار قربانیوں کے باعث ریاست کی عمل داری قائم ہوئی ہے، کسی کو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابیوں کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آرمی چیف نے کہا کہ قوم کے تعاون سے دیرپا امن و استحکام کے حصول تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، امن کو خراب کرنے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل، ٹریننگ اور فارمیشن کے دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو ضم شدہ اضلاع کی سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کیلئے محفوظ ماحول کی کوششوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے ان کا استقبال کیا۔

مزید پڑھیں:  پنجاب حکومت عوام کو صحت کارڈ جیسا منصوبہ نہ دے سکی، بیرسٹر سیف