ملک میں معاشی ایمرجنسی

ملک میں معاشی ایمرجنسی لگنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، وزارت خزانہ

وزارت خزانہ نے ملک میں معاشی ایمرجنسی لگنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں۔
ویب ڈیسک: وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے ملک میں معاشی ایمرجنسی لگانے کے حوالے سے زیر گردش خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ معاشی بہتری اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور افواہوں پر دھیان نہ دیں جو کہ پاکستان کے قومی مفاد کے خلاف ہے۔
ایک بیان میں فنانس ڈویژن نے کہا کہ مالیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ، سوشل میڈیا پر غلط پیغامات کا مقصد معاشی صورتِ حال کو غیر یقینی بنانا ہے ، ایسے غلط پیغامات وہی پھیلاسکتے ہیں جو پاکستان کو خوش حال ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے۔
فنانس ڈویژن نےکہا کہ معاشی سختی کے اس دور میں ایسے جعلی پیغامات بنانا اور پھیلانا قومی مفاد کے خلاف ہے، پاکستانی معیشت میں موجود استحکام اور تنوع کے ہوتے ہوئے ملک کو سری لنکا سے جوڑنا انتہائی غیر مناسب ہے۔
فنانس ڈویژن کے مطابق موجودہ معاشی مشکلات کی وجہ یوکرین جنگ اور تجارتی اشیا کی قیمتوں کا انتہائی اُتار چڑھاؤ ہے۔

مزید دیکھیں :   سرکاری ادویات اور ایکسرے فلم مارکیٹ میں فروخت