ضلعی انتظامیہ کے بجلی بل

میٹروپولیٹن گورنمنٹ کاضلعی انتظامیہ کے بجلی بل بھرنے سے انکار

ویب ڈیسک : کیپیٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ کے احاطہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 13کمروں میں مفت بجلی کے استعمال اور برقی آلات خراب کرنے پر اعتراض لگا دیا گیا ہے، کیپیٹل حکومت نے ضلعی انتظامیہ کو اپنے لئے الگ بجلی میٹر لگانے کی درخواست کر دی ہے، کیپیٹل میٹرو پولیٹن ذرائع کے مطابق اس وقت ضلعی انتظامیہ کے عملہ نے کیپیٹل حکومت کے13کمروں کو استعمال میں رکھا ہوا ہے جن میں استعمال ہونیوالی بجلی کا بل بھی ضلعی انتظامیہ نہیں دیتی جبکہ بھاری برقی آلات کے استعمال کے باعث بجلی کے تار اور دیگر برقی آلات بھی خراب ہوگئے ہیں
مالی مشکلات سے دوچار کیپیٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ ضلعی انتظامیہ کے حصے کا بل ادا کرنے سے قاصر ہے جس کے باعث کیپیٹل حکومت نے ضلعی انتظامیہ کو اپنے لئے الگ میٹر لگانے کی درخواست کردی، کیپیٹل حکومت نے ضلعی انتظامیہ سے یہ بھی درخواست کردی ہے کہ اب تک آنیوالے بجلی بلوں میں بھی ضلعی انتظامیہ اپنا حصہ ادا کرے، واضح رہے کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف سمیت دیگر کئی ملازمین اس وقت کیپیٹل میٹرو پولیٹن کے کمروں میں دفاتر کھول کر کام کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کیلئے منصوبہ تیار ہے، نیتن یاہو