عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ

اسمبلیاں چھوڑنے سے عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا،صدر

ویب ڈیسک :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عمران خان مجھ سے پوچھتے توانہیں اسمبلی چھوڑنے کا مشورہ نہ دیتا لیکن اسمبلیاں چھوڑنے کے بعد عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔صدر ممکت ڈاکٹر عارف علوی نے نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سیاسی منظر نامے پر سیاسی اور ہیجانی کیفیت ہے، اگر بات چیت ہوجائے تو سیاسی درجہ حرارت کم ہوجائے گا، اسحاق ڈار بھی بات چیت کے حوالے سے مثبت رویہ رکھتے ہیں۔ اسحاق ڈار نے ملاقات میں درآمد کے حوالے سے مختلف تجاویز دیں جبکہ میں نے توانائی بچانے سے متعلق اقدامات کے حوالے سے وزیر خزانہ کو تجاویز دیں۔وزیرخزانہ سے ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ اسحاق ڈارکے ساتھ معیشت پربات ہوئی، پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، اسحاق ڈارکوتوانائی کی بچت کے حوالے سے پروپوزل دیا
مارکیٹیں جلد بند کرنی چاہیے جس سے تین سے چارہزار میگاواٹ بجلی کی بچت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈارمیں مفاہمت کا ٹیلنٹ ہے، دھرنے کے وقت بھی ان کی کوشش تھی کہ مفاہمت ہوجائے۔انہوں نے کہا کہ نئی ملٹری قیادت سیاست سے دور رہنے پر سنجیدہ ہے۔ اب ساری ذمہ داری سیاستدانوں پر آجاتی ہے، سیاستدانوں کو کام کرنے کے لیے مل کر سنجیدہ ہونا چاہیے، آپس میں بات کرنے سے پریشانی حل ہوجاتی ہے۔ عارف علوی کا کہنا تھاکہ آرمی چیف کی تقرری میرٹ پر ہوئی اور معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوا
یہ معاملہ تین سال کیلئے حل ہوگیا۔آرمی چیف کی تقرری احسن طریقے سے ہوچکی، جب آرمی چیف کی تقرری پر برطانیہ میں مشاورت ہوئی تو یہاں موجود لوگوں سے مشورہ لینے میں کوئی برائی نہیں تھی۔عارف علوی کا کہنا تھاکہ آرمی چیف اچھے آدمی ہیں، مجھے سوچ کے اعتبار سے اچھے لگے، سمجھتا ہوں آرمی چیف اداروں کے درمیان عدم اعتماد کو کم کریں گے۔عارف علوی نے کہا کہ الیکشن عوام سے رابطے کا بہترین طریقہ ہے، عوام مشکل میں ہیں اسلئے انہیں انتخابات میں امید کی کرن نظر آرہی ہے
 اپوزیشن اور حکومت بیٹھ کر بات کرے تو پاکستان کیلئے کوئی تعمیری چیز نکل سکتی ہے۔صدرعارف علوی نے کہاکہ سابق وزیراعظم عمران خان نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق ڈبل گیم کی بات اپنے تجربے کی بنیاد پرکہی ہوگی وہ زیادہ واقف ہیں۔ عارف علوی کا کہنا تھاکہ پاکستان میں جمہوریت مستحکم ہوگئی ہے، مارشل لا نہیں لگ سکتا۔

مزید پڑھیں:  شدید بارش سے124فیڈرز ٹرپ ،پشاور سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی ترسیل متاثر