ریاستی رٹ مخالفین کوانتباہ

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف قوم کی حمایت سے ہماری جنگ جاری رہے گی ‘ امن کوخراب کرنے والوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہوگی ‘ مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا ‘ قبائلی عوام اور سیکورٹی فورسز کی بے شمار قربانیوں سے ریاست کی رٹ قائم ہوئی ہے ‘ کامیابیوں کو روکنے کی اجازت نہیںدی جائے گی ‘ جنرل عاصم منیر نے ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے دورے کے دوران جوگزشتہ روزکیاگیاپاک افغان بارڈر پر تعینات افسروں اوجوانوں کے ساتھ دن گزارا ‘ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل احسن اظہر حیات نے آرمی چیف کوویسٹرن بارڈرز مینجمنٹ آپریشنل تیاریوں اور بارڈر کنٹرول کے اقدامات کے بارے میں بریف کیا ‘ اس موقع پر آمی چیف نے قبائلی عوام اور سیکورٹی فورسز کی بے شمار قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ قربانیوں سے ریاست کی رٹ قائم ہوئی ہے’ جب تک ہم پائیدار امن اور استحکام حاصل نہیں کرلیتے ‘ دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ قوم کی حمایت سے جاری رہے گی ‘ انہوں نے جوانوں کے بلند حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی ‘ اور کہا کہ امن خراب کرنے والوں کے لئے کوئی نہیں ہو گی ‘ جنرل عاصم منیر نے بعد ازاں کور ہیڈکوارٹرز پشاور میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پھولوں کی چادرچڑھائی ‘ جہاں تک آرمی چیف کے دورہ وادی تیراہ اور وہاں آپریشنل تیاریوں کے جائزہ لینے کاتعلق ہے ‘ بطور نئے آرمی چیف تعیناتی کے بعد اگرچہ اس قسم کے دورے معمول کاایک حصہ ہیں کہ ہر آرمی چیف اپنی تعیناتی کے بعد ملک بھر کے اہم کور ہیڈکوارٹرز اوران سے ملحقہ علاقوں کا دورہ کرتے ہیں ‘ جن کامقصد نہ صرف اپنے زیرکمان حصوں بارے مکمل معلومات حاصل کرنا ہوتی ہیں بلکہ ان دوروں کے توسط سے وہ افواج پاکستان کی حوصلہ افزائی کرکے ان کے حوصلے بڑھاتا ہے’ اس سے پہلے حال ہی میں انہوں نے کنٹرول لائن کابھی دورہ کیا اور سارا دن جوانوں کے ساتھ گھل مل کر گزارا جس کامقصد ان کو یہ احساس دلانا بھی تھا کہ ان کی قربانیوںکوان کی ہائی کمانڈ قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے’ جہاں تک وادی تیراہ کاتعلق ہے یہ وہ علاقہ ہے جس کی حساسیت کی اپنی ایک اہمیت ہے ‘ افواج پاکستان نے قبائلی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ ہو کرملکی سرحدات کی حفاظت اور ریاستی رٹ کے قیام میں بے شمارقربانیاں دی ہیں ‘ آج بھی بعض شدت پسندوں کی وجہ سے ہمارا مغربی بارڈر مکمل طور پر پرمحفوظ نہیں ہے کیونکہ دہشت گردوں کو جب بھی موقع ملتا ہے وہ یہاں شورش برپا کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگرہماری بہادرافواج اپنے امن پسند قبائلی عوام کے ساتھ مل کر شرپسندوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہونے نہیں دیتے ‘ ان کی لازوال قربانیوں سے ریاستی رٹ قائم ہے اور انشاء اللہ افواج پاکستان ان دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد کی تکمیل کی راہ میں آہنی دیوار بن کرکھڑے رہیں گے ‘ آرمی چیف نے بالکل درست کہا کہ امن دشمن قوتوں کے لئے ہماری مقدس سرزمین پرکوئی جگہ نہیںاور ان کے لئے یہ سرزمین تنگ کی جاتی رہے گی ‘ اس سلسلے میں قبائلی عوام اور افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  گھاس کھاتا فلسطینی بچہ کیا کہتا ہے؟