ٹانک سیلاب متاثرین

ٹانک اور ڈیرہ کے سیلاب متاثرین میں گھروں کی چابیاں تقسیم

ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف نے ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے سیلاب متاثرین میں نئے تعمیر کئے گئے گھروں، ہسپتال اور سکول کی چابیاں تقسیم کیں۔ رہائشی یونٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی، دوبارہ آباد کاری اور تعمیرنو حکومت کی اولین ترجیح ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 70 ارب روپے شفاف طریقہ سے تقسیم کئے گئے ہیں، وفاقی و صوبائی حکومتوں، تمام اداروں اور مسلح افواج نے سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کیلئے مل کر کام کیا ہے
دوست ممالک، بیرون مقیم پاکستانیوں، کاروباری اور مخیر حضرات کو سیلاب متاثرین کیلئے گھروں کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے متاثرین کو چھت فراہم کی جا رہی ہے، مخیر حضرات کے تعاون سے ٹانک اور ڈیرہ کے سیلاب متاثرین کو چھت کی فراہمی خوش آئند ہے، سیلاب نے پورے ملک میں تباہی مچائی، تقریبا 20 لاکھ گھر مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے، زراعت، بجلی و مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا مالی تعاون اور معاونت انتہائی قابل تحسین ہے، سندھ میں سیلاب سے بہت نقصان ہوا، پنجاب اور بلوچستان کے کچھ اضلاع بھی سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں
چاروں صوبائی وزرا اعلی نے متاثرین کی مدد کیلئے مل کر کام کیا ہے، ہمارے وسائل انتہائی محدود تھے، سیلاب متاثرین کی مدد پر دوست ملکوں کے بے حد مشکور ہیں وفاقی حکومت نے وفاقی وزیر شازیہ مری کی سربراہی میں بے نظیر انکم سپورٹ کے ذریعے سیلاب متاثرین میں 70 ارب روپے تقسیم کئے، وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر خان اور ان کی وزارت نے بجلی کی بحالی کیلئے دن رات کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کیلے متعلقہ اداروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں
تینوں مسلح افواج کے دستوں نے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حبیب بینک کے چیئرمین سلطان علی الانہ نے بھی دو دیہات تعمیر کرنے کی پیشکش کی ہے، ایک گائوںسندھ اور ایک بلوچستان میں تعمیر کیا جائے گا اور ان پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ریلیف فنڈ میں پانچ ارب روپے جمع ہو چکے ہیں، ہم انہیں بڑھا کر 10 ارب روپے تک لے جانا چاہتے ہیں جس کے بعد فنڈ میں جمع ہونے والی رقم خرچ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا تقریب سے وفاقی وزیر احسن اقبال ،رکن اسمبلی محمود خان بھٹنی نے بھی خطاب کیا۔

مزید دیکھیں :   پی ٹی آئی ممبران سے پارلیمنٹ لاجز خالی کروانے کیلیے آپریشن کا پہلا مرحلہ