کوہستان ہیلتھ سٹورس قیمتی سامان چوری

کوہستان،ہیلتھ سٹورسے لاکھوں روپے کاقیمتی سامان چوری

ویب ڈیسک : اپر کوہستان کے ہیلتھ سٹور سے لاکھوں روپے کے قیمتی طبی سامان سے متعلق انکوائری پر خاموشی کے بعد ڈپٹی ڈی ایچ اونے اس حوالے سے ایکشن کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو تحریری درخواست ارسال کردی ہے۔ اس مقصد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپر کوہستان کو بھیجے گئے مکتوب میں ڈپٹی ڈی ایچ او نے نشاندہی کی ہے کہ داسو ہیڈ کوارٹر ہسپتال اپر کوہستان میں قائم محکمہ صحت کے سٹور سے مبینہ طورپر چوری یا کسی اور طریقہ سے لاکھوں روپے کے ریفریجریٹرز ، کارڈیک مانیٹرز، الیکٹرک آئس لائنرز ، الیکٹریکل بیٹریز اور میٹرس سمیت دیگر قیمتی سامان غائب کیا گیا ہے مبینہ طور پر متعلقہ ہسپتال کے ملازمین اور انتظامیہ نے ملی بھگت سے یہ سامان غائب کیا ہے یہ واقعہ چند مہینے قبل پیش آیاہے
لیکن اس حوالے سے شکایات پر تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے اور طبی سامان کا کوئی سراغ نہیں مل رہا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو طبی سہولت نہیں مل رہی ہے نائب ضلعی صحت افسرنے ضلعی صحت افسرسے اس واقعہ کے ذمہ دار افراد کیخلاف کارروائی کی درخواست کی ہے دوسری جانب محکمہ صحت کے ذرائع نے اس بارے میں بتایا ہے کہ طبی سامان کے غائب ہونے پر کارروائی کی ہدایت کی گئی تھی اور اس کیلئے انکوائری چل رہی ہے تاہم اپرکوہستان کے ہیلتھ ملازمین کے مطابق اس معاملے کی چھان بین کیلئے انکوائری کرانے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن اس پر ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے اور طبی سامان کے بارے میں اب تک کسی قسم کی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں:  دہشتگردوں کو دستیاب غیر ملکی اسلحہ خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ قرار