پشاور سوئی گیس کی سپلائی معطل

پشاور میں سوئی گیس کی سپلائی معطل، صارفین کو بھاری بل بھی ارسال

ویب ڈیسک :پشاور میں سردی کے دوران گیس کی طلب میں اضافہ سے گھروں اور سی این جی سٹیشنوں کو گیس کی سپلائی معطل ہو گئی ہے جس کی وجہ سے گھریلو اور تجارتی صارفین متبادل کے طور پر ایندھن کے دوسرے ذرائع اختیار کرنے پر مجبور ہیں جبکہ دوسری جانب گیس نہ ہونے کے باوجود شہریوں کو بھاری بھر کم بل بھی ارسال کئے گئے ہیں، پشاور میں ایک سال سے چلنے والا گیس کا مسئلہ دو ہفتے سے سنگین ہو گیا ہے، پشاور کے شہری علاقوں میں صبح اور شام کے اوقات میں گھریلو اور تجارتی صارفین کیلئے تین سے پانچ گھنٹے تک گیس کی سپلائی معطل رہتی ہے جبکہ گیس بحال ہونے پر پریشر نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے
شہریوں کے مطابق علی الصبح غائب ہونے والی گیس دن کے 10بجے اور دوپہر 12 سے3 بجے تک بحال نہیں ہوتی، گلبہار، شیخ آباد، نشتر آباد، ہشت نگری، لاہوری گیٹ، کوہاٹی گیٹ، گنج، یکہ توت، قصہ خوانی، گھنٹہ گھر، کریم پورہ، فردوس بازار، رامداس، بھانہ ماڑی، صدر، نوتھیہ، گلبرگ، کوہاٹ روڈ، تہکال، یونیورسٹی ٹائون اور رنگ روڈ کے صارفین کو سوئی گیس کی قلت کا سامنا ہے جبکہ خواتین کھانا پکانے سمیت گھریلو امور کی انجام دہی میں بھی مشکلات سے دوچار ہیں
اس صورتحال میں شہری متبادل کے طور پر مہنگے داموں ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، دوسری طرف سی این جی سٹیشنز کیلئے بھی گیس کی ترسیل میں کمی کر دی گئی ہے اور شہر کے اکثر علاقوں میں سی این جی سٹیشنوں پر گاڑیوں کی قطاریں معمول بن گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  تہران، سالانہ فوجی دن پر پریڈ، فوجی طاقت کا مظاہرہ