گلوکارہ قمرگلہ انتقال کرگئیں،پشتوموسیقی کاسنہراباب بند

ویب ڈیسک : پشتو موسیقی کی مشہور گلوکارہ قمر گلہ گذشتہ روز انتقال کر گئی ہیں ۔ گلوکارہ قمر گلہ21 جنوری 1952ء کو افغانستان کے صوبہ ننگر ہار میں پیدا ہوئی تھیں۔ گلوکارہ رخسانہ کے بعد انہیں پشتو زبان کی دوسری خاتون گلوکارہ کا اعزاز حاصل تھا جنہوں نے ریڈیو ٹیلی ویژن افغانستان کیلئے گانے گائے۔ افغانستان کی موسیقی کی تجربہ کار گلوکارہ کا فنی سفر پچاس برسوں پر محیط رہا ہے۔ انہوں نے 7سال کی عمر میں گانا شروع کیا اور سامعین کی وسیع پذیرائی کی وجہ سے انہیں پیشہ وارانہ طور پر آگے بڑھنے کی ترغیب ملی۔
ان کا کیریئر اس وقت عروج پر پہنچا جب انہوں نے محمد دین زاخیل سے شادی کی جنہوں نے اس کے بہت سے گانے ترتیب دئیے تھے۔70 کی دہائی کے اوائل تک قمر گلہ نے پورے افغانستان میں شہرت حاصل کی اور ملک کی سرفہرست خواتین گلوکاروں میں ان کا شمار کیا گیا۔ قمر گلہ افغانستان میں جاری خانہ جنگی کے باعث کینیڈا ہجرت کر گئی تھیں جہاں پر وہ صوبہ اونٹاریو میں مقیم تھیں۔ افغان میڈیا کی طرف سے ان کی آواز کو اکثر گولڈن وائس کہا جاتا تھا انتقال کے بعد یہ گولڈن وائس ہمیشہ کیلئے خاموش ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں:  آئی ایم ایف کاپاکستان کی مشروط مددکا اعلان،اصلاحات پر زور