ڈیلی میل

ڈیلی میل نے شہباز شریف کی خبر پر معافی پرنٹ ایڈیشن میں بھی شائع کر دی

برطانوی اخبار ڈیلی میل نے شہبازشریف کے خلاف متنازعہ خبر کی معافی پرنٹ ایڈیشن میں بھی شائع کردی۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبار ڈیلی میل نے وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف متنازع خبر کی معافی پرنٹ ایڈیشن میں بھی شائع کر دی ہے،اس سے قبل اخبار کے گروپ ایسوسی ایٹیڈ پریس نے معافی آن لائن ڈیلی میل میں شائع کی تھی، آج معافی میل آن سنڈے کے پرنٹ اور آن لائن دونوں ورژنز پر شائع کی گئی ہے۔
اخبار نے 18 صفحات پر مشتمل طے شدہ معاہدے کے تحت معافی کو صفحہ دو پر شائع کیا ہے، صفحہ دو پر معافی چھاپنے کا مقصد ہے کہ اخبار پڑھنے والے کی اخبار کھولتے ہی معافی نامے پر نظر پڑے۔
خیال رہے کہ اخبار نے ڈیوڈ روز کی متنازع خبر تقریباً آخری صفحات پر شائع کی تھی، میل آن سنڈے نے اپنی وضاحت میں کہا ہے کہ ہم برطانیہ کے ایڈیٹرز کوڈ آف پریکٹس کے پابند ہیں، اخبار برطانیہ کے انڈی پینڈنٹ پریس اسٹینڈرڈ آرگنائزیشن کا رکن ہے، غلطی کا احساس ہوتے ہی جلد از جلد تصحیح کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ اخباری گروپ نے عدالت میں وعدہ کیا تھا کہ وہ معافی پرنٹ ایڈیشن میں بھی شائع کرے گا۔
یاد رہے کہ میل آن سنڈے نے 14 جولائی 2019 کو شہبازشریف اور ان کے داماد کے خلاف بے بنیاد خبر شائع کی تھی، شہباز شریف اور ان کے داماد پر زلزلہ زدگان کی امدادی رقم میں خرد برد کےالزامات لگائے تھے، اخبار نے جمعرات کو شہاز شریف اور ان کے داماد سے معافی مانگی تھی۔

مزید پڑھیں:  وفاقی کابینہ کا کل ہونے والا اجلاس ملتوی