پشاور گھروں پر دستی بم

پشاور میں گھروں پر دستی بم پھینکنے کی وارداتوں میں اضافہ

ویب ڈیسک :پشاور میں گھروں پر نامعلوم افراد کی جانب سے ہینڈ گرینیڈ پھینکنے کی وارداتوں میں اضافہ ہونے لگا ہے جس سے کاروباری طبقہ شدید خوف میں مبتلا ہوچکا ہے ۔ گھروں پر بم پھینکنے کے واقعات مبینہ بھتہ خوری کا شاخسانہ قراردیا جارہاہے ۔گزشتہ رات گلبہار کے علاقہ جاوید ٹائون میں بھی نامعلوم افراد نے سیاسی و کاروباری شخصیت اور سابق صوبائی وزیر حاجی جاوید اور انکے بیٹے مبشر جاوید کے گھر پر دستی بم پھینک دیا تھا جس کی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی ۔دستی بم گھر کے چھت پر گر گیا تھا تاہم یہ خوش قسمتی سے نہیں پھٹا ۔ پولیس نے بتایا کہ بم دو موٹرسائیکل سواروں نے پھینکا ہے ۔
اس حوالے سے تاجربرادری کے رہنما خالد ایوب نے بتایا کہ کاروباری طبقہ کو ٹارگٹ کرنا ایک انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے جس میں بین الاقوامی عناصر ملوث ہیں تاکہ ملک وصوبہ کی معیشت کو مزیدتباہ کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی اداروں کی ذمہ دار ی ہے کہ تمام شہریوں اور تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے کیونکہ اس سے صوبہ میں سرمایہ کاری کیساتھ ساتھ کاروبارکو بھی مزید نقصان پہنچے گا۔

مزید پڑھیں:  سفارتی تعلقات بحال، 9 سال بعد ایران سے معتمرین عمرہ ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ