ٹائرجلانے والی فیکٹریوں

نوشہرہ ،ٹائرجلانے والی فیکٹریوں کی بجلی کاٹنے کاحکم

ویب ڈیسک : پشاور ہائیکورٹ نے نوشہرہ میں ٹائر جلانے والی فیکٹریاں فوری طورپر بند کر کے ان کی بجلی بھی منقطع کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ چیف جسٹس قیصر رشید کی سربراہی میں دور کنی بینچ نے یہ احکامات نوشہرہ میں ٹائر جلانے والی فیکٹریز سے متعلق رٹ کی سماعت کے دوران جاری کئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سکندر حیات شاہ ، ڈی پی او، ایڈیشنل اسٹنٹ کمیشن نوشہرہ قرة العین وزیر ، چیف انجینئر سی اینڈ ڈبلیو ، چیف لائن آفیسر واپڈا عدالت میں پیش ہوئے ۔
فاضل چیف جسٹس نے اس موقع پر اپنے ریمارکس میں کہا کہ کسی بھی طرح ان فیکٹریوں کو دوبارہ کام کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ ان فیکٹریوں کے باعث ماحول پر بہت برا اثر پڑ رہا ہے ان فیکٹریوں سے نکلنے والا دھواں ماحول کیلئے زہر ہے ان فیکٹریوں کو وہاں سے فوری ہٹایا جائے۔ اس موقع پر اے ڈی سی نوشہرہ نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات پر ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کو سیل کیا گیا ہے کیونکہ ماحول کے ساتھ اس سے پانی بھی آلودہ ہورہا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ نوشہرہ میں اس وقت 9 ٹائر چلانے والی فیکٹریاں سیل کر کے بند کر دی گئی ہیں ۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ڈی پی او بھی دیکھیں کہ اس کو دوبارہ کوئی کھول نہ دیں۔ انتظامیہ کو سیکورٹی کی ضرورت ہو تو ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ فاضل بنچ نے بعد ازاں ٹائر فیکٹریاں وہاں سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ اور ای پی اے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور سماعت 26 جنوری تک ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  چیئرمین پبلک اکاؤ نٹس کمیٹی کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار