مریم اورنگزیب

اسمبلیاں توڑنے کیلئے تاریخیں نہیں، حوصلہ چاہیے، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسمبلیاں توڑنے کیلئے تاریخوں کے اعلان کی نہیں حوصلے کی ضرورت ہوتی ہے۔
ویب ڈیسک: عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنے کے لیے تاریخیں دینا نہیں پڑتیں بلکہ حوصلہ کرنا پڑتا ہے، عمران خان نے آج پھر ایک تاریخ دے کر ثابت کردیا کہ اقتدار ختم ہوجائے تو سائفر کا ڈرامہ کرکے خارجہ پالیسی پر حملہ کردو، ان کا اقتدار ختم ہوا تو وزرا سے خطوط لکھوا کر اپنی ہی دستخط کی ہوئی آئی ایم ایف کی ڈیل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی، عمران خان کا حکومت گرانے کا ڈرامہ صرف یہ ہے کہ میری چار سال کی لوٹ مار سامنے نہ آجائے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان شور کیوں مچار ہے ہیں؟ نئے انتخابات کے لیے اگست 2023ء کا انتظار کیوں نہیں کررہے؟ یہ شور اس لیے ہے کہ ان کی چوری سامنے نہ آجائے، فارن فنڈنگ کا جواب دینا نہ پڑجائے، سائفر کا معاملہ نہ کھل جائے، توشہ خانے سے مال بنانے کا جواب نہ دینا پڑجائے، انہیں الیکشن یا جمہوری عمل سے کوئی سروکار نہیں، نئے انتخابات کا مطالبہ صرف اپنی کرپشن چھپانے کے لیے ہے، اس شور سے کیلی فورنیا کی عدالت کا فیصلہ چھپ نہیں جائے گا۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ اگر یہ دونوں اسمبلیاں ٹوٹ گئیں تو آپ کی کرپشن سامنے آجائے گی اور بنی گالہ کا خرچہ کون اُٹھائے گا؟ اس لیے یہ اعلان بے معنی ہے عمران خان اسمبلیاں نہیں توڑیں گے۔

مزید پڑھیں:  دہشتگرد حملے کا ایسا جواب دیں گے کہ یاد رکھا جائیگا،وزیر داخلہ