سی ٹی ڈی آفس بنوں میں آپریشن

سی ٹی ڈی آفس بنوں میں آپریشن: 25 دہشتگرد ہلاک، 7 نے سرنڈر کر دیا، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں فائرنگ کے تبادلے میں 25 دہشتگرد مارے گئے ہیں جبکہ 7 دہشتگردوں نے سرنڈر کردیا، آپریشن کے دوران 3 افسران سمیت 10 جوان زخمی جبکہ سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار شہید ہوئے۔
ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کرنے والےدہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 18 دسمبر کو بنوں میں سی ٹی ڈی کمپلیکس میں زیر تفتیش 35 دہشگرد موجود تھے۔
انہوں نے کہاکہ سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر باہرسے کوئی حملہ نہیں ہوا، سی ٹی ڈی کی تحویل میں ہی دہشتگروں نے یہ صورت حال پیدا کی،زیرتفتیش دہشت گردوں میں سے ایک نے سی ٹی ڈی جوان کا ہتھیار چھین کر فائرنگ کی تھی،دہشت گرد افغانستان جانے کے لیے محفوظ راستہ مانگ رہے تھے۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے مطالبے کو رد کردیا گیا،شہدا کی عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو بڑھاتی ہیں، مغربی سرحد سے دہشت گردی کی تازہ لہر کو ابھرنے نہیں دیا جائے گا، ہمارے خلاف آنے والوں کا سر کچل دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں 25 دہشت گرد مارے گئے 7 نے سرنڈر کیا جبکہ 3 فرار ہوتے ہوئے گرفتار ہوئے، اس کے علاوہ آپریشن میں پاک فوج کا ایک صوبیدار اور 2 سپاہی شہید ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹی ٹی پی سے متعلق پالیسی بھی دوٹوک انداز سے واضح کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کے جتھے یا دہشت گرد گروہ کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

مزید پڑھیں:  پشاور ہائیکورٹ، میاں محمد اسلم کی درخواست پر حکومت سے جواب طلب