عمران خان کو کئی بار

عمران خان کو کئی بار کہا بیٹھ کر بات کریں، سیاست میں مذاکرات بند نہیں ہوتے: احسن اقبال

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے، ہم نے کئی مرتبہ عمران خان کو کئی بار کہا بیٹھ کر بات کریں۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق لاہور میں تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ آج پاکستان معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور بدقسمتی سے دہشت گردی نے پھر سر اٹھا لیا ہے، 2013 میں بھی ہمیں پاکستان ایسے ہی حالات میں ملا تھا، ملک لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا۔
احسن اقبال نے کہا سال 2013 میں دنیا ہمیں دہشتگرد کی نظر سے دیکھتی تھی، اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف نے مسلح افواج سے کہا کہ ہماری دہشتگردی کیخلاف جنگ آئندہ نسلوں کیلئے ہے جس میں پاک فوج، پولیس اور سکیورٹی کے دیگر اداروں نے بے پناہ قربانیاں دیں اور ہم نے اس عفریت پر قابو پایا۔
انہوں نے کہا کہ قرضوں میں جکڑا ہوا پاکستان، بجلی بحران کا بھی شکار ہے، سابق دور میں 4 برس کے دوران ملک کا برا حال کر دیا گیا لیکن ہم انشااللہ بحرانوں کو شکست دیں گے اور ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 2018 کے الیکشن میں پنجاب کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو مینڈیٹ دیا لیکن ہمارے مینڈیٹ کو چرایا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے، ہم نے عمران خان کو کئی بار کہا بیٹھ کر بات کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جلد الیکشن معاشی اور سیاسی ضرورت نہیں، ہم ملکی معیشت کو استحکام دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ٹانک، نہم و دہم سالانہ امتحانات کیلئَے ضلع بھر میں 29 سنٹرز قائم