بلدیاتی انتخابات ملتوی

اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 31 دسمبر کو اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے۔
ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے اسلام آبادہائیکورٹ کے حکم پر اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن سے متعلق کیس سماعت کی جس سلسلے میں ایڈووکیٹ جنرل جہانگیر جدون، سابق اٹارنی جنرل اشتراوصاف، پی ٹی آئی کی جانب سے بابراعوان اور علی نوازاعوان جب کہ جماعت اسلامی کی جانب سے میاں اسلم الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
اشتراوصاف نے کہا کہ ادارہ شماریات نے اسلام آباد کی آبادی میں اضافے کا بتایا، الیکشن کمیشن کو آبادی میں اضافے کا معاملہ دیکھنا چاہیے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی آبادی میں اضافے کو تسلیم کیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو فیصلے کا اختیاردیا ہے۔
اشتر اوصاف نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو وفاقی حکومت کا مؤقف سننےکاکہا اور الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کو سنے بغیر فیصلہ جاری کیا، ماضی میں بھی شیڈول جاری ہونے کے بعد بھی الیکشن ملتوی کیے گئے، الیکشن کمیشن کو آئین اورقانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے.
دورانِ سماعت چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں 2 بار حلقہ بندیاں ہوچکی ہیں اور پنجاب میں بھی 2 بار حلقہ بندیاں ہوچکی، تیسری بار ہونے جارہی ہیں، حکومت کو پہلے خیال کیوں نہیں آیا کہ وقت پر یوسیز بڑھا لینی چاہئیں.
پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نےاپنے دلائل میں کہا کہ شیڈول جاری ہوچکا ہے اب 31 دسمبر کو الیکشن کروانے ضروری ہیں کیونکہ بلدیاتی الیکشن میں پہلے بھی 2 بار تاخیرہوچکی ہے، حکومت اس کیس میں ایک پارٹی ہے .
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے 31 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول منسوخ کردیا جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات ملتوی ہو گئے۔

مزید پڑھیں:  صوابی، بیٹے نے اپنے والد پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی