بھارت سرحدپر120میزائل نصب

بھارت کاپاکستانی اورچینی سرحدپر120میزائل نصب کرنے کامنصوبہ

ویب ڈیسک :بھارت کی مودی سرکار نے پاکستان اور چین کی سرحدوں پر120ٹیکٹیکل میزائل نصب کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت دفاع کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں مسلح افواج کے لئے تقریبا120پرالے میزائلوں کی تیاری اور ان کو دو پڑوسی ممالک کی سرحدوں پر نصب کرنے کی منظوری دیدی گئی۔پرالے میزائل زمین سے زمین پر مار کرنے والا بیلسٹک میزائل ہے جو500کلومیٹر تک کے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور پرواز کے وقت وہ اپنے رخ کو تبدیل کرتے رہنے کی صلاحیت کی وجہ سے میزائل شکن سسٹم سے بچ نکلتے ہیں۔اس میزائل کو روس کے اسکندر بیلسٹک میزائلوں سے تشبیہ دی جاتی ہے جو یوکرین کے خلاف بہت زیادہ تعداد میں نصب کئے گئے ہیں اور اپنی جنگی صلاحیت کو ثابت کر چکے ہیں۔
مودی سرکار نے ان میزائلوں کو مقامی سطح پر تیار کرنے کا منصوبہ حال ہی میں چین کی جانب سے سرحدی علاقے میں بھارتی فوج کو پسپا کرنے کے بعد سامنے آیا ہے جس پر وزیراعظم مودی کو شدید عوامی دباؤ کا سامنا بھی تھا۔ وزارت دفاع کے ذرائع کے حوالے سے بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی نے دعویٰ کیا کہ یہ میزائل پاکستان اور چین کی سرحد پر نصب کئے جائیں گے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی کی جماعت بی جے پی کو اب کانگریس سے زیادہ عام آدمی پارٹی سے خطرہ ہے اور اس جماعت سے پنجاب و نئی دہلی میں شکست بھی کھائی ہے جس کے بعد مودی انتہا پسند ہندو ووٹرز کی حمایت کے لئے جنگی جارحیت کو انتخابی ہتھیار بنارہے ہیں۔خیال رہے کہ بھارت نے پرالے بیلسٹک میزائل کے اب تک صرف دو ٹیسٹ کئے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ ان میزائلوں کی تیاری اور اس کے پلیٹ فارم کو مکمل کو کرنے میں کم از کم بھی دو سال لگ سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش، 7 دہشتگرد ہلاک