سربیاکی فوج الرٹ

یورپ کے واحدمسلم ملک کوسوو کیخلاف جنگ کی تیاریاں،سربیاکی فوج الرٹ

ویب ڈیسک :سربیا میں دفاعی حکام نے فوج کوجنگ کے لیے مکمل تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔ سربیائی لائسنس پلیٹوں والی گاڑیوں پر پرسٹینا کی جانب سے نومبر میں پابندی عائد کرنے کے بعد سے کوسوووکے ساتھ کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ شمالی کوسووو میں فائرنگ کے ایک واقعے کے بعد وزیر دفاع میلوس ووسیوچ نے کہا کہ سربیا نے اپنی مسلح افواج کو اعلیٰ ترین سطح پر الرٹ کر دیا ہے۔کوسووو کی جانب سے گزشتہ ماہ سربیائی لائسنس پلیٹوں پر پابندی عائد کرنے کے بعد سے ہی سربیا اورکوسووو ایک بار پھر ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ صدر الیگزینڈر ووچک نے سربیا کی فوج کو جنگی تیاری کی اعلیٰ ترین سطح پر رہنے کا حکم دیا ہے تاکہ مسلح افواج کی قوت کا کسی بھی وقت استعمال کیا جاسکے۔سربیا کی فوج کو حالیہ برسوں میں متعدد بار ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
انہیں نومبر میں بھی اس وقت ہائی الرٹ پر رکھا گیا تھا جب کوسووو سے ڈرونز مبینہ طور پر سربیا کے فضائی حدود میں داخل ہوگئے تھے۔سربیا نے کوسووو کے ساتھ اپنی جنوبی سرحد پر فوجیوں کو متحرک کیا ہے ۔سربیا کے وزیر داخلہ بارٹیسلاف گاسچ نے جمعے کے روز کہا تھا کہ انہوں نے پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسزکوجنگی لحاظ سے مکمل تیار رہنے کا حکم دیا ہے اور انہیں چیف آف آرمی اسٹاف کی کمان میں رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انہو ں نے صدر کے اس حکم پر عمل کیا ہے کہ کوسووو میں سربیا کے لوگوں کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔کوسووو کی 18 لاکھ آبادی میں سربوں کی تعداد تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار ہے۔البانوی کوسووو نے سن 2008 میں سربیا سے آزادی کا اعلان کر دیا تھا لیکن بلغراد نے اسے کبھی تسلیم نہیں کیا۔پیر کے روز کوسووو کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا اور تعلقات میں تازہ ترین خرابی کے لیے سربیا کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔

مزید پڑھیں:  بشام واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں، ممتاز زہرا بلوچ