بھارتی ٹھگ

بھارتی ٹھگ امریکیوں کو بھی ماموں بنا گئے 11ماہ میں10ارب ڈالرکی ٹھگی

ویب ڈیسک :امریکی وفاقی تفتیشی ایجنسی، ایف بی آئی، نے اپنی ایک تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ بھارت سے غیر قانونی کال سینٹر چلانے اور لوگوں کو ٹھگنے والے گروہوں نے رواں برس نومبر تک امریکہ کے شہریوں سے دس ارب ڈالر سے زیادہ ٹھگ لیے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق ٹھگوں نے سب سے زیادہ نشانہ 60 برس سے زائد عمر کے افراد کو بنایا، جن سے گزشتہ دو برسوں میں تین ارب ڈالر سے زیادہ ٹھگے جا چکے ہیں۔یہ ٹھگی بالعموم غیر قانونی طور پر چلائے جانے والے کال سینٹروں کے ذریعہ انجام دی جاتی ہے۔ ٹھگ امریکہ میں رہنے والے افراد کو تکنیکی امداد فراہم کرنے یا دیگر قسم کی معاونت کی آڑ میں نشانہ بناتے ہیں ۔
ایف بی آئی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس کے گذشتہ 11مہینے میں ہی امریکی شہریوں کے 10.2ارب ڈالر ٹھگے جا چکے ہیں۔ اس سے پچھلے برس یعنی سن 2021کے مقابلے یہ اعدادو شمار 47فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ برس 6.9ارب ڈالر کی ٹھگی ہوئی تھی۔ امریکی شہریوں کے ساتھ اتنے بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کے واقعات کے مدنظر ایف بی آئی نے نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے میں اپنا ایک خصوصی نمائندہ مقرر کیا ہے،۔یہ افسر بھارتی تفتیشی ایجنسی سی بی آئی، انٹرپول اور دہلی پولیس کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے۔ اس کا مقصد ٹھگی کرنے والے گروہوں کا پردہ فاش کرنا اور امریکہ سے بھیجے جانے والی رقم کو درمیان میں ہی روک دینا ہے۔ذرائع کے مطابق امریکیوں کے ساتھ جھوٹے وعدے اور محبت کے نام پر بھی دھوکہ دہی کی گئی۔

مزید پڑھیں:  دھمکیوں کو اپنے یا کام پر اثر انداز ہونے نہیں دیتی، فرانسسکا البانی