معیشت اور دہشتگردی

معیشت اور دہشتگردی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے ایک انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے اور اس کے لیے معیشت اور دہشتگردی کے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتفاق رائے کی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ویب ڈیسک: انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل عاصم منیر نے پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں مختلف کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب سے خطاب میں آرمی چیف نے کیڈٹس کو پاکستان کی سمندری سرحدوں کے محافظ بننے پر مبارک باد دی اور کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے باعث سمندری شعبہ مسلسل تبدیل ہورہا ہے، میری ٹائم ڈومین مسلسل بدل رہی ہے، وہی بحری افواج غالب ہوں گی جو جنگ کے جدید رجحانات سے ہم آہنگ ہوں گی، مستقبل میں نیوی کا کردار انتہائی اہمیت کاحامل ہوگا۔
آرمی چیف نے پاکستانی کیڈٹس اور دوست ممالک کے کیڈٹس کو معیاری تعلیم دینے پر پاکستان نیول اکیڈمی کو سراہا، آرمی چیف نے نوجوان افسران کو مستقبل کے لیڈروں کے طور پر اپنے طرز عمل، کردار، پیشہ ورانہ ذہانت اور دور اندیشی سے رہنمائی کرنے کا مشورہ دیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اپنے ایک انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے اور اس کے لیے معیشت اور دہشتگردی کے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔
آرمی چیف نے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے، قائداعظم گولڈ میڈل لیفٹیننٹ کاشف عبدالقیوم کو دیا گیا، مڈشپ مین نوفل ملک کو بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملیر گیریژن کا بھی دورہ کیا، آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر رکھی۔

مزید پڑھیں:  سائفر کیس،ایف آئی اے کو لمباوقت چاہیے تو سزا معطل کردیتے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ